چار ملکی دوروں کا تیسرا مرحلہ، شاہ محمود قریشی ترکمانستان پہنچ گئے

اشک آباد: وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی چار ملکی دوروں کے تیسرے مرحلے کے دوران ترکمانستان پہنچ گئے ہیں جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا ترکمانستان پہنچنے پر پاکستانی سفیر اور ترکمانستان وزارتِ خارجہ کے سینئر حکام نے خیر مقدم کیا۔اپنے دورے کے  دوران وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی ترکمانستان کے صدر قربان علی بردی محمدوف اور رشید میردوف سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔اس دوران مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور افغانستان سمیت خطے کی صورتحال اور خارجہ معاملات پر تبادلۂ خیال اور فیصلے ہوں گے۔


خیال رہے کہ اِس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزا ایوف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیر خارجہ نے ازبک صدر کو وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔
 وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ ازبکستان کا حوالہ دیتے ہوئے کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
ازبک صدر شوکت مرزاایوف کا کہنا تھا کہ ازبکستان پاکستان کے ساتھ دو طرفہ مراسم کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ازبکستان، پاکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص ٹرانسپورٹ اور رابطہ سازی کے حوالے سے دو طرفہ تعاون کے فروغ کا متمنی ہے۔

ای پیپر دی نیشن