سعودی عرب کے شہر تبوک کے کاشتکاروں نے انار کی فصل اتارنا شروع کردی،سال کے آخر تک تبوک کے باغات انار مارکیٹ کو فراہم کرتے رہیں گے ۔ سعودی نشریاتی ادارے کے مطابق تبوک میں 180 باغات ہیں ان میں 80 ہزار سے زیادہ انار کے درخت لگے ہوئے ہیں جومختلف اقسام اور اعلی معیار کے ہیں، ان میں اندرفل، ریڈانجل، عکا اور المنفلوطی قابل ذکر ہیں۔ ماہرین کے مطابق انار کی کاشت قلم کاری پر منحصر ہے، 30 سینٹی میٹر تک کا اس کا پودا ہوتا ہے پھر اسے خاص شرائط والے کھیت میں لگایا جاتا ہے۔ اس کی تیاری میں دو برس یا اس سے زیادہ کا عرصہ لگتا ہے، اس کی قلم کاری خاص انداز میں ہوتی ہے، بیج کے ذریعے بھی غیر تجارتی طریقے سے اس کی کاشت کی جاتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عام طور پر موسم بہار یا پھر موسم خزاں کے اوائل میں انار کے درختوں کی کاشت کی جاتی ہے۔ انار کی پیداوار پندرہ سے بیس برس تک چلتی ہے۔ انار کے درخت کی عمر پچاس برس بلکہ اس سے زیادہ ہوتی ہے۔