افغانستان سے 4500 شہریوں کا انخلا مکمل،1500 اب بھی باقی ہیں،امریکا

Aug 26, 2021 | 14:41

ویب ڈیسک

امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ افغانستان میں امریکی شہریوں کی تعداد اندازا 6000 تھی جن میں سے 4500 کا انخلا ہو چکا ہےجبکہ 1500 شہریوں کو وہاں سے نکالنا ابھی باقی ہے،ان کا کہنا تھا کہ 500 امریکی شہریوں سے پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران رابطہ کیا جا چکا ہےاور انہیں بتایا گیا ہے کہ کس طرح وہ ایئرپورٹ تک پہنچ سکتے ہیں۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق انخلا سے متعلق خصوصی پریس بریفنگ کے دوران اینٹونی بلنکن نے واضح کیا کہ گرین کارڈ ہولڈر انخلا کے زمرے میں نہیں آتےاور امریکی شہری وہ افراد ہیں جن کے پاس امریکی پاسپورٹ موجود ہوں گے۔انھوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر ایئرپورٹ پر موجود امریکی حکام طالبان سے رابطہ کرتے رہتے ہیں اور جن لوگوں کے پاس قانونی دستاویز موجود ہیں انھیں ایئرپورٹ تک آنے کی اجازت دی جاتی ہے۔صدر جو بائیڈن کی انخلا سے متعلق 31 اگست کی حتمی تاریخ کا ذکر کرتے ہوئےوزیر خارجہ نے کہا کہ ہماری یہی کوشش ہے کہ مقررہ مدت تک انخلامکمل کیا جائے۔انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ امریکی شہریوں کو بحفاظت افغانستان سے نکال لیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ جہاں تک ان افغان اتحادیوں، مترجموں اور دیگر کا تعلق ہے جن میں ممکن ہے کچھ تعداد بر وقت ملک سے باہر نہ آ پائے، ان کی مدد جاری رکھی جائے گی کہ وہ 31 اگست کی حتمی تاریخ کے بعد بھی افغانستان سے باہر آ سکیں، طالبان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایسے افغان باشندوں کے بحفاظت انخلا میں تعاون کیا جائے گا۔

مزیدخبریں