شیخوپورہ+ فیصل آباد (نمائندگان خصوصی) نیب پنجاب نے شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والی فرح خان گوگی اور اس کے شوہر عاصم جمیل گجر کی جائیدادوں کی مکمل تفصیلات طلب کرلی ہیں اور اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ 30 اگست تک ان کے نام زرعی اراضی، مکان، پلاٹس کی تفصیلات فراہم کریں۔ ذرائع کے مطابق سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح خان سمیت دیگر کیخلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کی انکوائری نیب نے شروع کررکھی ہے۔ اس سلسلہ میں انہوں نے ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سے بھی انکی جائیدادوں کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ ذرائع کے مطابق فرح خان نے بزدار حکومت میں شیخوپورہ میں اپنے آبائی علاقہ موضع گھنگ کو ماڈل ویلج بنانے کیلئے کروڑوں روپے مالیت کے ترقیاتی کام کروانے کے علاوہ افسران کی تبدیلی اور تعیناتی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ کئی افسران انکی مذکورہ گائوں آمد کے موقع پر باقاعدہ حاضری بھی دیتے رہے ہیں اور انکو اس دور میں ایک بااثر خاتون کے طور پر جانا اور پہچانا جاتا تھا۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے اس کی جائیدادوں کی تفصیلات مانگ لی ہیں۔ نیب نے ایف ڈی اے کو بھجوائے گئے مراسلے میں فرح گوگی کی ایف ڈی اے سٹی اور فیصل آباد کے دیگر علاقوں میں جائیدادوں کی مکمل تفصیلات 31 اگست تک فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
نیب نے فرح گوگی اور شوہر کی جائیداد کی مکمل تفصیل طلب کر لی
Aug 26, 2022