جدید زرعی ٹیکنالوجی و تحقیقات وقت کی اہم ترین ضرورت ہے:ڈاکٹر اقرار احمد خاں

Aug 26, 2022

مکوآنہ (این این آئی )زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا ہے کہ جدید زرعی ٹیکنالوجی و تحقیقات کو کاشتکار کی دہلیز تک پہنچانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات پورا کرنے کیلئے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ یقینی بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 31 ویں سینئر مینجمنٹ کورس نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اسلام آباد کے وفد کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت ڈاکٹر نائلہ جبین نے کی۔ ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ زراعت کو منافع بخش بنانے کیلئے جدید رجحانات کو اپنانا ناگزیر ہے۔ زرعی یونیورسٹی کے سائنسدان آؤٹ ریچ پروگرام کے تحت کاشتکاروں کو جدید زراعت سے متعارف کروانے کیلئے ان کے کھیتوں اور کھلیانوں میں جا کر معلومات فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی ملک ہونے کے باوجود اربوں روپے کی زرعی اجنا س امپورٹ کرنا پرتی ہیں جو کہ ہمارے لیے ایک لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگر روائتی اجناس کی بجائے متبادل منافع بخش اجناس کو فروغ دیا جائے تو اس سے نہ صرف فوڈ سکیورٹی بلکہ اربوں روپے کا منافع بھی کمایا جاسکتا ہے۔ زراعت میں کم منافع کی وجہ سے کاشتکار کا بیٹا کاشکاری کے پیشہ کو اپنانے گریزاں ہے تاہم اگر جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیا جائے تو اس سے کاشتکار کی معاشی حالت میں بہتری کے ساتھ ساتھ فوڈ سکیورٹی کے اہداف بھی حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ 

انہوں نے وفد کو زرعی یونیورسٹی میں ہونے والی تحقیقات اور زراعت کے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔

مزیدخبریں