اسلام آباد ( نا مہ نگار) گولڑہ شریف میں 122ویں سالانہ بین الاقوامی آن لائن خاتم النبیین کانفرنس منعقد ہوئی جسکی صدارت حضرت پیر سید مہر فرید الحق گیلانی نے کی۔ کانفرنس میں تمام اسلامی مکاتب فکر کے نامور علمائے کرام اور مشائخ، پاکستان اور بیرون ملک سے سول سوسائٹی کے ارکان اور سیاستدانوں نے شرکت کی۔ پیر سید عبدالقادر شاہ جیلانی (برطانیہ)، علامہ حسنات مرتضیٰ (جرمنی)، مفتی زبیر تبسم (ناروے)، ڈاکٹر احمد علی سراج (مدینہ منورہ)، قاضی عبدالعزیز چشتی (برطانیہ)، شیخ حمزہ حسن (یو کے)، علامہ سید عبدالخبیر آزاد (چیئرمین پاکستان رویت ہلال کمیٹی)، اور سردار محمد سبطین خان (سپیکر پنجاب اسمبلی) نے ویڈیو لنک کے ذریعے حاضرین سے خطاب کیا۔مقررین نے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ختم نبوت کے عقیدہ کی اہمیت اور نمایاں خصوصیات پر روشنی ڈالی اور حاضرین کو پاکستان کے اندر اور باہر مختلف اسلام مخالف تحریکوں کے مذموم عزائم اور کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے حضرت پیر سید مہر علی شاہ گیلانی رحمت اللہ علیہ گولڑہ شریف کو عقیدۃ ختم نبوت کے تحفظ میں بے مثال خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا۔مقررین نے خطاب میں فرمایاکہ عقیدۃ ختم نبوت کا تحفظ ہما رے ایمان کا حصہ ہے اس پر کبھی آنچ نہیں آنے دینگے،آن لائن کانفرنس میں مقررین نے حضرت پیر سید مہر علی شاہ گیلانی رحمت اللہ علیہ کی امت مسلمہ کی رہنمائی کے لیے مختلف دینی پہلوؤں پر تصنیف کی گئی کتابوں کو بھی سراہا۔آخر میں کانفرنس کے میزبان پیر سید مہر فرید الحق گیلانی نے بھی خطاب کرتے ہوئے کانفرنس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد کو ان الفاظ میں بیان کیا کہ ’’ایسی کانفرنسوں سے ہمارا مقصد کوئی سیاسی یا مالی مفاد نہیں بلکہ ہمارا واحد مقصد پیر سید مہر علی شاہ رحمت اللہ علیہ کی تعلیمات کو عام کرنا ہے۔ اور یہ مقصد عوامی اجتماع کے بجائے آن لائن کانفرنس کے ذریعے بہتر طریقے سے حاصل کیا جاتا ہے۔"انہوں نے بین المذاہب ہم آہنگی اور قومی اتحاد کو مضبوط بنانے کے لیے تصوف کی اہمیت اور اس کی ضرورت پر زور دیا۔ پیر صاحب نے کانفرنس میں بہ نفسِ نفیس اور ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کرنے اور کانفرنس کے موضوع پر اپنے خطابات اور خیالات سے حاضرین کو آگاہ کرنے پر تمام مہمان مقررین کا شکریہ ادا کیا۔آخر میں پیر صاحب نے اللہ تعالیٰ کے حضور امت مسلمہ کے لئے دعا فرمائی۔
خاتم النبیین کانفرنس