اسلام آباد(خبر نگار) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی سے کوریا کی پارلیمنٹ میں پاکستان جنوبی کوریا فرینڈشپ گروپ کے سربراہ اور رکن پارلیمنٹ لی ہیک ینگ کی پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران سینیٹرز منظور احمد کاکڑ، رانا محمود الحسن اور نصیب اللہ بازئی بھی موجود تھے۔ پارلیمانی روابط کو مذید مضبوط بنانے کے حوالے سے بھی ملاقات میں گفتگو کی گئی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور جنوبی کوریا باہمی تجارت اور اقتصادی مفاد پر مبنی باہمی تعاون کی تاریخ رکھتے ہیں اور پارلیمانی تبادلے باہمی تعاون اور عوام سے عوام کے روابط کو بڑھانے کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریہ کوریا نے بہت کم عرصے میں جدوجہد کر کے ترقی یافتہ ممالک میں اپنے آپ کو شامل کیا ہے اور ترقی پزیر ممالک کو جنوبی کوریا کے تجربات سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔ مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے کافی مواقع موجود ہیں اور کوریا کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کر کے ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ کوریا، پاکستان کی ہنر مند لیبر فورس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیںڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ پاکستان میں گندھارا تہذیب کے باقیات اور پاکستان میں بدھ مت کے مقدس مقامات موجود ہیں اور پاکستان سیاحت کو مزید فروغ دینے کیلئے کوشاں ہے۔ موجودہ حکومت سی پیک کے تمام منصوبوں کو مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک سے علاقائی رابطے مزید بڑھیں گے جس سے خطہ مزید ترقی کرے گا۔سربراہ اور رکن پارلیمنٹ لی ہیک ینگ نے کہا کہ پاکستان اور کوریا کے درمیان خاص طور پر ٹیکنالوجی اور آٹوموبائل کے شعبے میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں اور کوریا کی تکنیکی اورصنعتی ترقی کے پس منظر میں متنوع سماجی و اقتصادی شعبوں میں جدید ترین ٹیکنالوجیز تیار کرنے کیلئے پاکستان کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں پارلیمانی روابط اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ
مرزا آفریدی سے سربراہ پاکستان جنوبی کوریا فرینڈشپ گروپ کی ملاقات
Aug 26, 2022