قابض فوج کی بربریت جاری، 3نوجوان شہید، 2گرفتار

سری نگر(کے پی آئی) شمالی کشمیر میں بھارتی فوج نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی 3 کشمیری نوجوانوں کوشہید کردیا۔ بھارتی فوج نے نوجوانوں کو ضلع بارہ مولا  کے اوڑی قصبے کے کمل کوٹ علاقے میں ایک پرتشدد کارروائی کے دوران شہید کیا۔ ادھر شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں2کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ۔ فوج  نے محمد یوسف اور منظور احمد نامی نوجوانوںکو ضلع کے علاقے پیتھ کوٹ میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران گرفتار کیا۔دوسری جانب مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن جموں کا احتجاج ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔بار ایسوسی ایشن نے 29اگست بروز پیر کو جموں میں مکمل ہڑتال کے اپنے فیصلے کو آگے بڑھاتے ہوئے گاندھی نگر گول مارکیٹ اور اپسرا بازار تک مشعل بردار جلوس نکالا جس میں وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بار نے لوگوں بالخصوص تاجر برادری سے 29 اگست کی ہڑتال کو کامیاب بنانے کی بھی اپیل کی ہے ۔ انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے امید ظاہر کی ہے کہ قابض انتظامیہ کل انجمن کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق کو نماز جمعہ اداکرنے کیلئے تاریخی جامع مسجد آنے کی اجازت دے گی ۔ میر واعظ عمر فاروق 5اگست 2019سے غیر قانونی طور پر گھر میں نظر بند ہیں۔
کشمیر

   

ای پیپر دی نیشن