اسلام آباد (نامہ نگار)احمد فراز نےاپنی شاعری میں اپنے دور کی تاریخ، اقدار اور سماجی رویوں کو خوبصورتی سے سمویا۔احمد فراز کی شاعری نئی نسل کے لیے مشعل راہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار اکادمی ادبیات پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر یوسف خشک نے اکادمی کے پہلے سربراہ اور پاکستان کے شہرہ آفاق شاعر احمد فرازکی 14 ویں برسی کے موقع پراکادمی کے زیر اہتمام ادبی و ثقافتی تنظیموں "زاویہ " اور "انحراف انٹرنیشنل " کے تعاون سے احمد فراز کی یاد میں منعقدہ تقریب میں صدارت کرتے ہوئے کیا، مہمان خصوصی احمد فراز کے بڑے فرزندسعدی فراز تھے۔ تقریب سے اختر عثمان، فریدہ حفیظ اور حسن عباس رضا نے بھی خطاب کیا۔ نظامت محبوب ظفر نے کی۔ ڈاکٹر یوسف خشک، چیئرمین اکادمی نے کہا کہ احمد فراز نے اپنی شاعری میں اپنے دور کی تاریخ، اقدار اور سماجی رویوں کو خوبصورتی سے سمویا۔ ان کی شاعری سماج کی بہتری کے لیے ہے۔ وہ ماضی، حال اور مستقبل کے شاعر ہیں اور خصوصا آنے والی نسلوں کے لیے ان کی فکر اور نظریات مشعل راہ ہیں۔ سعدی فراز نے کہا کہ مجھے احمد فراز کا فرزند ہونے پر فخر ہے ۔