پریشانیاں اور آزمائشوں سے نجات کیلئے توبہ کی جائے، حاجی امین عطاری

Aug 26, 2022


کراچی (نیوز رپورٹر)دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن و نگران کراچی مشاورت حاجی محمد امین عطاری نے کہا ہے کہ آج دنیا میں ہمارے لئے جو مسائل بڑھتے جارہے ہیں ،وہ پریشانیاں اور آزمائشیں جو ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ان کے حل کےلئے ہمیں توبہ کرنا ہوگی ۔توبہ ایک ایسا عمل ہے جس کے کرنے کا حکم قرآن پاک میں موجود ہے ،اللہ پاک سے معافی مانگیں وہ بخشنے والا مہربان ہے ،وہ اپنے بندوں سے ماں بھی زیادہ محبت وشفقت کرنے والا ہے ،توبہ کرنے والو ں سے اللہ پاک خوش ہوتا ہے اور ان سے عذاب دور کردیتا ہے ،اللہ
 پاک توبہ کرنے والوں کو پسند فرماتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں بیان کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہر ادارے ،ہر کمپنی اور ہر ملک کے اپنے اپنے اصول ہیں ،ہمیں بھی اس دنیا میں بھیجا گیا ہے تو بحیثیت مسلمان ہماری بھی کچھ حدود کا تعین کیا گیا ہے ، ہم نے روزمرہ کے معاملات میں شریعت کی پابندی کرنی ہے ، پانچوں نمازیں پڑھنی،ماہ رمضان کے روزے رکھنے ہیں ،مال ہے تو زکوة دینی ہے ،شرائط پورے ہونے پر حج کرنا ہے ،جھوٹ غیبت ،چغلی ،بد دیانتی نہیں کرنی ،کسی سے حسد یا بغض وکینہ نہیں رکھنا ، پیارمحبت اتفاق واتحاد کے ساتھ رہنا ہے ،الغرض زندگی گزارنے کا ایک مکمل طریقہ کار ہمیں اسلام نے دیا ہے ۔ حاجی محمد امین عطاری نے کہا کہ شیطان جو ہمارا دشمن ہے اور ہمارے درپے ہے اور وہ اللہ پاک کی نافرمانی کرانے کی کوشش کررہا ہے اس نے چالیں چلیں ،گمراہیوں کے جال پھینکے نتیجہ یہ ہوا کہ مسلمان مساجد سے دور ہوگئے ،مسلمان ڈراموں گانوں ،سنیما گھروں کی رونق بن گئے ،وہ مسلمان جس کی آنکھیں شرم وحیا سے جھکی ہونی چاہئے وہ آج بے حیائی اور بے شرمی کے معاملات کرتا نظر آتا ہے ۔ الغرض طوفان بدتمیزی پھیلا ہوا ہے،ہم اپنی زندگی کو ایسے نہیں گزار رہے جیسا اللہ پاک نے ہمیں حکم فرمایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی نافرمانی بہت بڑا جرم ہے اس کی ایک سزا دل کی سختی ہے ،آج دل سخت ہوگئے ہیں ،لوگ بے باک ہوگئے ہیں ،اللہ پاک کی نافرمانی کی نحوست سے نیکیوں کی توفیق چھن جاتی ہے ،پہلے نیک عمل کرتے تھے اب نہیں کرپاتے وہ غور کریں کہیں اللہ تو ناراض نہیں،مال ہونے کے باجود اللہ کے گھر میں تعمیر نہ کرنا غریبوں کی مدد نہ کرنا کہیں اللہ پاک کی نافرمانی کی سزا تو نہیں غورکیجئے،نیکیوں سے محرومی یہ بھی عذاب ہے ،اللہ نے مال دیا یہ مال اللہ کی راہ میں خرچ نہ کرنا عذاب ہے ۔
حاجی امین عطاری

مزیدخبریں