شکارپور (نامہ نگار) حالیہ تباہ کن برسات میں متاثرہ لوگوں کو رلیف دینے کے لئے قائم مقام گورنر سندھ و اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج خان درانی کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر شکارپور کے دفتر میں اہم اجلاس بلایا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر توانائی امتیاز شیخ، وفاقی وزیر نجکاری عابد بھیو، رکن صوبائی اسیمبلی شہریار خان مہر، سابق رکن قومی اسیمبلی ڈاکٹر محمد ابراہیم جتوئی, آغا غلام نبی خان جونیئر اور ڈپٹی کمشنر شکارپور سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی. اجلاس میں قائم مقام گورنر نے کہا کہ حالیہ تباہ کن بارش سے متاثرہ خاندانوں کا خیال رکھنے کے لئے جیسے ہی خیموں اور راشن سمیت دیگر سامان کی رسد ہوگی بلا تاخیر اسے متاثرین میں تقسیم کردیا جائے گا. حالیہ تباہ کن بارشوں سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے جس کے لئے وسائل بھی اسی تناسب سے درکار ہیں۔ اس موقع پر شہریار خان مہر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بارش سے متاثرین کی مدد میں ضلع انتظامیہ مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے. آفت زدہ قرار دینے کے باوجود اب تک صرف 4 سو خیمے خریدے گئے ہیں. جن میں سے ایک سو خیمے پوری تحصیل جبکہ تین سو صرف دو یونین کونسلوں میں تقسیم کئے گئے ہیں. کوئی منظم طریقہ کار نہ ہونے کے باعث لوگ کیمپوں میں بھوک سے بدحال ہیں. ان حالات میں انسانیت کی خدمت کرنے کی بجائے سیاست کو ترجیح دی جارہی ہے. گزشتہ کئی برسوں سے وزیر خزانہ اور وزیر داخلہ کے قلمدان بھی وزیر اعلیٰ سندھ کے پاس ہی ہیں. جن کی ناقص منصوبہ بندی اور حکمت عملی سمیت بدنیتی پر مبنی کارکردگی لوگوں کے سامنے عیاں ہوچکی ہے. جس کے باعث سندھ کے عوام شدید تکلیف میں ہیں. جبکہ ڈاکٹر محمد ابراہیم جتوئی نے کہا کہ حالیہ تباہ کن بارشوں سے تحصیل خانپور زیادہ متاثر ہوئی ہے. لوگ بے گھر اور بے سرو سامان کھلے آسمان تلے حکومتی انتظامات کے منتظر ہیں. لیکن نااہل ضلع انتظامیہ دور دور تک کہیں نظر نہیں آرہے ہیں. ضلع انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں رہنے کے باوجود تاحال کوئی خاطر خواہ نتائج سامنے نہیں آئے ہیں۔ اس کڑی صورتحال میں عوام کی بلاتفریق مدد کرنی چاہئے۔
آغا سراج
جیسے ہی امدادی سامان موصول ہوگا تقسیم کردیا جائے گا‘ آغا سراج
Aug 26, 2022