حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی+نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر حافظ آباد توقیر الیاس چیمہ نے کہا ہے کہ تمام محکموں کی ٹیمیں فیلڈ میں جا کر انسداد ڈینگی سرگرمیاں کریں تا کہ کسی بھی جگہ لاروا کی افزائش نہ ہوسکے، اور اگر کسی جگہ ڈینگی لاروا کی نشاندہی ہو تو وہاں فوری طور پر حفاظتی اور احتیاطی اقدامات شروع کیے جاسکیں۔ تمام محکموں کے افسر و ملازمین ہفتہ انسدا د ڈینگی کو کامیاب بناتے ہوئے اپنے دفاتر،سکول،کالج،ہسپتال اور اردگرد میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنائیںاور کسی بھی جگہ پانی جمع نہ ہونے دیں تا کہ ڈینگی لاروا کی افزائش ممکن نہ ہوسکے۔ڈینگی مچھر کی روک تھام اور اسکی افزائش پر قابو پانے کے سلسلہ میں کسی قسم کی لاپرواہی یا غفلت ہر گز برداشت نہیں کی جائیگی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار انسداد ڈینگی کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اسسٹنٹ کمشنر رب نواز، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ریحان اظہر ، ڈسٹرکٹ مینجر پی ایچ ایف ایم سی ڈاکٹر مسعود نبی واہلہ ، سی او ضلع کونسل حیدر علی چٹھہ ، ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن ویلفیئر ساجدہ مشتاق سمیت میونسپل کمیٹیوں ، لائیو سٹاک، ایجوکیشن اور دیگر محکموں کے افسر اجلاس میں شریک تھے۔ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر انسداد ڈینگی کے حوالہ سے اپنی کارکردگی کی رپورٹ جمع کر وائی جائے۔ حکومت پنجاب کی ہدایات اور ہر محکمہ اپنے ایس او پیز کے مطابق انسداد ڈینگی سرگرمیاں جاری رکھتے ہوئے عوام میں شعور اور آگاہی کو یقینی بنائیں۔
تمام محکموں کی ٹیمیں فیلڈ میں انسداد ڈینگی سرگرمیاں کریں:ڈی سی حافظ آباد
Aug 26, 2022