شیخوپورہ ( نمائندہ خصوصی+نمائندہ نوائے وقت)محکمہ انفارمیشن اینڈ کلچر اور ضلعی انتظامیہ نے باہمی تعاون سے کمرشل تھیٹرز کےخلاف فحاشی اور عریانی کو فروغ دینے پر کریک ڈاﺅن کا آغاز کر دیا ہے۔ محکمہ انفارمیشن اینڈ کلچر اور ضلعی انتظامیہ نے کمرشل تھیٹرز کی کڑی نگرانی شروع کردی ہے تا کہ سٹیج ڈراموں میں فحش پرفارمنس، بیہودہ رقص اور نا شائستہ گفتگو کو مکمل طور پر ختم کیا جاسکے۔ ضلع شیخوپورہ کے مختلف تھیٹرز میں فحش پرفارمنس پر 3 رقاصا¶ں اور نا شائستہ زبان کا استعمال کرنے پر 1 اداکار پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سرمد تیمور نے انفارمیشن اینڈ کلچر ڈیپارٹمنٹ کی سفارشات پر جن سٹیج اداکاروں کے خلاف پابندی لگانے کے لیے ہوم ڈیپارٹمنٹ کو مراسلہ جاری کیا ہے، ان میں سٹیج ڈانسر لائبہ ملک، صائمہ چوہدری، خوشی خان اور اداکار ارشد شرمیلہ شامل ہیں۔ ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے کارروائی کرتے پہلے مرحلے میں لائبہ ملک، صائمہ چوہدری، خوشی خان اور اداکار ارشد شرمیلہ کو شو کاز نوٹس جاری کر دئیے ہیں اور موقف دینے کے لیے ایک ہفتہ کا وقت دیا گیا ہے غیر تسلی بخش جواب پر ڈانسرز پر صوبہ بھر میں پابندی عائد کر دی جائےگی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انفارمیشن اینڈ کلچر کی ٹیمیں تمام تھیٹرز میں ڈراموں کو مانیٹر کر رہی ہیں، جہاں بھی غیر اخلاقی پرفامنس ہوگی وہاں فوری ایکشن لیا جائےگا۔
شیخوپورہ: انتظامیہ کا فحاشی کو فروغ دینے پر تھیٹرز کےخلاف کریک ڈاﺅن کا آغاز
Aug 26, 2023