اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ ن کی جا نب سے الیکشن کمشن کو انتخابی اخراجات قابو میں رکھنے کےلئے دی جا نے والی تجاویز پر اتفاق جبکہ الیکشن کمشن نے جلد اور بروقت انتخابات کرانے کی یقین دہانی کرا دی۔ تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے مسلم لیگ ن کو انتخابی عمل سے متعلق مشاورت کیلئے بلایا تھا جس پر مسلم لیگ (ن) کا 6 رکنی وفد الیکشن کمشن پہنچا۔ وفد میں سابق وفاقی وزراءاحسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، رانا ثناءاللہ، عطاءتارڑ، زاہد حامد اور اسد جونیجو شامل تھے۔ ملاقات میں انتخابات کے شیڈول اور تاریخ سمیت دیگر امور پر غور کیا گیا۔ الیکشن کمشن آف پاکستان نے انتخابی معاملات پرسیاسی جماعتوں سے مشاورت کا فیصلہ کیا تھا، ای سی پی نے 29 اگست کو پاکستان پیپلز پارٹی کو بھی مشاورت کیلئے دعوت نامہ ارسال کیا ہے۔ الیکشن کمشن آف پاکستان نے جمعرات کو پاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے وفد سے مشاورت کی تھی۔ مسلم لیگ ن کا 6 رکنی وفد الیکشن کمیشن آف پاکستان پہنچا جہاں چیف الیکشن کمشنر سے انتخابی عمل سے متعلق معاملات پر مشاورت ہوئی۔ مشاورت کے بعد احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ انتخابی اخراجات قابو میں رکھنے کے لیے تجاویز دی ہیں۔ الیکشن کمشن نے ہماری تجاویز سے اتفاق کیا ہے۔ ہم نے انتخابی عمل کی شفافیت کے لیے بھی بات کی۔2018ءمیں انتخابی عمل کے دوران آر ٹی ایس سسٹم کو بٹھا دیا گیا تھا۔ احسن اقبال نے مزید کہا ایسا سسٹم بنارہے ہیں جو 2018ءکے الیکشن کی شکایات کا ازالہ ہو گا۔ انتخابی عمل میں خواتین کی موثر شمولیت کے حوالے سے بھی گفتگو کی گی۔ ملک کے حالات کےپیش نظرہیٹ سپیچ پرمانیٹرنگ کے نظام کی تجویز بھی دی ہے۔ ہیٹ بیسڈ سپیچ نفرت کی جانب لے جاتی ہے۔ الیکشن کمشن نے جلد اوربروقت کرنے کےلیے یقین دہانی کروائی ہے۔ ڈی لیمٹیشن سے دورانیہ 90 دن سے زیادہ ہوگیا ہے۔ الیکشن کمشن سے کہا ہے حلقہ بندی 14 دسمبر تک مکمل ہوں۔ الیکشن کمشن نے آخری نوٹیفائیڈ مردم شماری پر حلقہ بندی کرنی ہے مردم شماری کی منظوری کا فیصلہ اتفاق رائے سے دیا گیا۔ اعظم نذیرتارڑنے کہا الیکشن کمشن کوحلقہ بندیاں کا عمل جلدی مکمل کرنے کی تجاویزدی ہیں۔ حلقہ بندیاں اعلان کردہ شیڈول سے15 سے20 دن قبل مکمل ہو سکتی ہیں۔ نئی ووٹر لسٹوں کو ساتھ مرتب کر سکتے ہیں۔ نومبر تک حلقہ بندیاں مکمل کر کے انتخابی شیڈول جاری کیا جا سکتا ہے، آئین وقانون کے مطابق جتنا جلدی الیکشن ہوں ملک کیلئے بہتر ہے، ہماری تجویز پر الیکشن کمشن نے مثبت جواب دیا، امریکی سفیر کی الیکشن کمشن حکام سے ملاقات الگ معاملہ ہے۔ انتخابات ہمارا اندرونی معاملہ ہے امریکی سفیرکی ملاقاتیں اس پراثرانداز نہیں ہونگی۔واضح رہے کہ الیکشن کی تاریخ سے متعلق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات سے انکار کردیا تھا۔الیکشن کمیشن آف پاکستان انتخابی شیڈول کے اعلان کے بجائے ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت نئی حلقہ بندیوں کا اعلان کرچکا ہے۔ مزید برآں این این آئی کے مطابق الیکشن کمشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ الیکشن کمشن نے حلقہ بندیوں اور انتخابی فہرستوں پر تجدید کے کام کا آغار کر دیا ۔ ترجمان الیکشن کمشن نے اپنے بیان میں کہاکہ میڈیا کے چند حلقوں میں کہا جا رہا ہے کہ الیکشن کمشن حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت کے بعد انتخابی فہرستوں کی تجدید (UPDATION) کا کام کرے گا اور اس کے بعد انتخابات کے شیڈول کا اعلان اور انعقاد ممکن ہوگا۔ یہ خبر درست نہیں ہے۔ ترجمان نے کہاکہ الیکشن کمشن اس کی وضاحت کرنا چاہتا ہے کہ کمشن نے حلقہ بندیوں اور انتخابی فہرستوں پر تجدید (UPDATION) کے کام کا آغاز کر دیا ہے اور یہ دونوں کام ساتھ ساتھ مکمل کئے جائیں گے۔
الیکشن کمشن/ مسلم لیگ ن