اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف مضبوط کردار ادا کر رہا ہے۔ عالمی برادری کو پاکستان کی جانب سے دی گئی بے پناہ قربانیوں کا ادراک کرنا چاہیے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 9 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ہارورڈ یونیورسٹی امریکہ کے38 طلباءکے ایک گروپ نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ سوال و جواب پر مبنی اس سیشن کے دوران آرمی چیف نے علاقائی سلامتی کے مسائل اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے پاک فوج کے کردار پر بات کی۔ آرمی چیف نے پاکستان کی بھرپور صلاحیتوں پر روشنی ڈالی اور شرکاءپر زور دیا کہ وہ پاکستان میں اپنے قیام کے دوران اپنے تجربات کی بنیاد پر پاکستان کو دیکھیں۔ آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف مضبوط کردار ادا کر رہا ہے۔ عالمی برادری کو پاکستان کی جانب سے دی گئی بے پناہ قربانیوں کا ادراک کرنا چاہیے۔ آرمی چیف نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے انسانی مظالم اور حقائق کو تبدیل کرنے کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔ طلباءنے بات چیت کا موقع فراہم کرنے پر آرمی چیف کی تعریف کی۔ سیشن کے اختتام پر طلبہ کے ساتھ آرمی چیف نے گروپ فوٹو بھی بنوائی۔
آرمی چیف
دنیا دہشت گردی کیخلاف پاکستانی قربانیوں کا اعتراف کرے : آرمی چیف
Aug 26, 2023