بٹگرام ریسکیو آپریشن حصہ لینے والوں میں اسناد تقسیم

Aug 26, 2023

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بٹگرام چیئرلفٹ ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والوں کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیچیدہ ریسکیو آپریشن کی کامیابی کے لیے بہترین حکمت عملی تیار کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ خوشی کا موقع ہے کیونکہ چیئرلفٹ حادثہ کے طالب علموں کو اللہ تعالی نے نئی زندگی دی ہے۔ یہ واقعہ سامنے آنے کے بعد پوری قوم پریشانی اور خوف و خدشات کا شکار تھی کیونکہ ان طالب علموں کی زندگی کا معاملہ تھا۔ یہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور یہ پاکستان کا چہرہ ہیں، ہم نے مربوط انداز میں کوشش کرکے اپنے مستقبل کو بچایا۔ مشکل موسم اور صورتحال کے باوجود بھرپور منصوبہ بندی اور مربوط طریقے سے آپریشن کامیابی سے مکمل کیا گیا۔ تقریب کے دوران آپریشن میں حصہ لینے والے ایس ایس جی کمانڈوز سمیت دیگر اداروں کے اہلکاروں اور مقامی افراد میں  تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔ یہ اچھی بات ہے کہ حکومت کی جانب سے اس تقریب کا انعقاد کر کے ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والوں کی خدمات کا اعتراف کیا گیا تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت ایسے تمام علاقوں میں انفراسٹرکچر کی تعمیر پر توجہ دے جہاں عوام مجبور ہیں کہ وہ چیئر لفٹ جیسے خطرناک ذریعے سے ایک سے دوسری جگہ جائیں۔ مذکورہ حادثہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں تھا اور نہ ہی ایسے حادثات کی روک تھام صرف چیئر لفٹ کو بند کرنے سے ہوسکتی ہے، حکومت کو چاہیے کہ وہ ان علاقوں میں سڑکوں اور دیگر سہولیات کا اہتمام کرے تاکہ لوگ تعلیم اور صحت کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اپنی زندگیوں کو خطرے میں نہ ڈالیں۔

مزیدخبریں