سٹاک مارکٹ مندے کا شکار، 100 انڈیکس میں 79 پوائنٹس کمی

Aug 26, 2023

 کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکس چینج میں گزشتہ کاروبار حصص میں غیرمستحکم صورتحال رہی اور مارکیٹ میں اتارچڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہے۔ کاروبار کی ابتداء مثبت زون میں ہوئی اور ایک موقع پر تیزی کی لہر103پوائنٹس تک پہنچی اور انڈیکس بڑھتا ہوا 47800 کی سطح عبور کرتا ہوا47853تک جا پہنچا لیکن بعد ازاں تیکنیکی کریکشن اورسرمایہ کاروں کی جانب سے منافع کے حصول کیلئے شیئرز کی فروخت نے مارکیٹ کو مندی کی جانب دھکیل دیا اور ایک موقع پر یہ مندی180پوائنٹس کے خسارے سے 47570پوائنٹس تک بھی پہنچی تاہم ٹیلی کام اوربینکنگ سیکٹر میں خریداری نے مارکیٹ کو بھاری مندی کی جانب سے بچا لیا لیکن کاروبار کے اختتام پر مارکیٹ منفی زون میں ہی بند ہوئی۔ مندی کی وجہ سے مارکیٹ میں کاروباری سرگرمیاں گزشتہ روز کے مقابلے میں 23.70فیصد کم رہیں جبکہ مارکیٹ کے مجموعی سرمایہ میں 13ارب41کروڑ روپے سے زائد کی کمی رہی اور مجموعی سرمایہ71کھرب کی سطح سے نیچے چلا گیا۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس میں 79.55پوائنٹس گھٹ کر 47671.22 پوائنٹس  رہ گیا۔  جبکہ کے ایس ای30انڈیکس 35.57پوائنٹس کی کمی سے16970.81پوائنٹس پر بندگیا۔ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 54.70پوائنٹس کے خسارے سے 31631.60 پوائنٹس اور کے ایم آئی30انڈیکس92.08پوائنٹس کم ہوکر80502.77 پوائنٹس تک آگیا۔

مزیدخبریں