تیسرا ون ڈے: پاکستان کو عالمی نمبر 1 بننے کیلئے آج افغانستان کیخلاف فتح درکار

Aug 26, 2023

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کا تیسرا اور آخری میچ ّآج سری لنکن شہرہمبنٹوٹا میں کھیلا جائے گا۔ ڈے اینڈ نائٹ میچ دن اڑھائی بجے شروع ہوگا۔ گرین شرٹس کو سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے ۔ پاکستان نمبر 1 ون ڈے ٹیم رینکنگ حاصل کرنے میں صرف ایک جیت کی دوری پر ہے۔پاکستان نے تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی۔اس سے پاکستان کی ون ڈے ٹیم کی درجہ بندی پہلے نمبر پر آنے والے آسٹریلیا سے کچھ کم رہ گئی ہے اور ایشیائی ٹیم پریمیئر پوزیشن حاصل کر سکتی ہے۔ سیریز کے آخری ون ڈے میں کامیابی پر قومی ٹیم ون ڈے کی نمبرون ٹیم بن جائیگی۔ فاسٹ بائولر نسیم شاہ نے پوسٹ شیئر کی ہے جس میں جیت کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے دیکھا گیا ۔ نسیم شاہ نے لکھا کہ یہ جیت پاکستان کے سب ہی کرکٹ شائقین کیلئے ہے۔انہوں نے  امام الحق حق کو بھی سراہا ہے۔ نسیم شاہ افغانستان سے جیت کے بعد جذباتی ہو گئے، کرکٹر کو والدہ کی یاد ستانے لگی۔ جیت کا جشن مناتے ہوئے نسیم شاہ نے  والدہ کا ذکر چھیڑ دیا۔قومی  ٹیم کی جانب سے جیت کا جشن مناتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس کے اختتام میں نسیم شاہ اپنی والدہ کا ذکر کر رہے ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پوری ٹیم نسیم شاہ کو سراہ رہی ہے اور مبارکباد دے رہی ہے، جس پر نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ ’میں صرف اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ کاش آج یہ میری ماں دیکھ سکتیں، مجھ سے کچھ بولا نہیں جا رہا۔نسیم شاہ نے کہا کہ سنسنی خیز میچز میں آخر میں بیٹنگ سے مجھے ہارٹ اٹیک کا خطرہ رہتا ہے۔ اس سال جتنی بار آخر میں میری بیٹنگ آئی ہے، خدانخواستہ مجھے ہارٹ اٹیک نہ ہو جائے کسی دن۔اس جیت پر اللہ کا جتنا شکر ادا کیا جائے کم ہے، میں ہمیشہ کوشش کرتا ہوں اور مشکل صورتحال میں خود پر یقین رکھتا ہوں۔جب میں کھیلنے گیا تو اس وقت شاداب کریز پر تھے اور مجھے یقین تھا کہ وہ میچ ختم کریں گے لیکن ان کے آؤٹ ہونے کے بعد میرے دل میں آیا کہ اب سب کچھ میرے اوپر ہے اور بائولر بھی وہی ہے، بہت خوشی کی بات ہے کہ ہم جیت گئے اور ہمیں اس جیت کی بہت ضرورت بھی تھی۔

مزیدخبریں