لاہور (سپورٹس رپورٹر) بھوٹان جانے والی پاکستان انڈر 16 فٹ بال ٹیم کے اعزاز میں کینڈی لینڈ کی طرف سے مقامی ہوٹل میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا جس میں پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر پی ایف ایف کے سابق سینئر آفیشل کرنل (ر) مجاہد ترین، کرکٹ کوچ منظور الٰہی، پی سی بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن عامر نواب، اجمل صابر، کینڈی لینڈ کے سینئر آفیشل بسالت مرزا، کھلاڑی، فٹ بال کے شائقین اور میڈیا والوں کی ایک اچھی خاصی تعداد موجود تھی۔اس موقع پر مہمان خصوصی ہارون ملک نے کہاکہ فٹ بال میں دنیا کو متحد کرنے کی قابل ذکر صلاحیت موجود ہے۔ فٹ بال کی اس طاقت نے ہماری قوم کے ہر کونے سے بے حد باصلاحیت انڈر 16 کھلاڑیوں کو اکٹھا کیا ہے۔ میں کینڈی لینڈ کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو انہوں نے اس جونیئر ٹیم کو سپورٹ کیا۔ایک بار پھر، میں اسماعیل انڈسٹریز اور اس کے مالکان، محمد اسماعیل اور مفتاح اسماعیل کا پاکستان فٹ بال کی ترقی کیلئے ان کے شاندار عزم کیلئے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔کرنل (ر) مجاہد ترین نے کہاکہ پی ایف ایف اور کینڈی لینڈ کا باہمی تعاون قابل تعریف اور انتہائی ضروری ہے۔ یہ ہر کھیل بالخصوص فٹ بال میں درکار جوہر ہے۔ دیکھ بھال قابل ستائش ہے۔ اب یہ ان کھلاڑیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں آنے والے ایونٹس کی تیاری اور اپنی قوم کا نام روشن کرنے کی کوششوں میں لگا دیں۔اس موقع پر ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں جن تعلق پاکستان کے مختلف علاقوں سے تھا نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور سپانسر کیڈی لینڈ اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ ٹیم میں پاکستان کے چاروں صوبوں کی بھرپور نمائندگی موجود ہے۔
پاکستان انڈر 16 فٹ بال ٹیم کے اعزاز میں کینڈی لینڈ کی طرف سے عشائیہ
Aug 26, 2023