حضرت بہاءالدین زکریاؒ کا عرس اختتام پذیر‘ مظہر سعید کاظمی نے دعا کرائی

Aug 26, 2023


ملتان (سماجی رپورٹر ) سلسلہ سہروردیہ کے عظیم روحانی پیشوا شیخ الاسلام حضرت غوث بہاءالدین زکریا سہروردی ملتانیؒ کے 784ویں سالانہ عرس کی سہ روزہ تقریبات ملتان میں اختتام پذیر ہوگئیں۔ قومی زکریا کانفرنس کی اختتامی نشست میں جماعت اہل سنت پاکستان کے سربراہ علامہ سیدمظہر سعید کاظمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت غوث بہاءالدین زکریا کی تعلیمات انسانیت کی رشد و ہدایت اورفلاح وکامرانی کے لئے ذریعہ نجات ہیں۔ آپ کی تبلیغ دین اوراشاعت اسلام کی کاوشوں کے نتیجے میں پورا جنوبی ایشیاءاسلام کے نور سے منور ہو گیا۔ علامہ کاظمی نے کہا کہ ملک میں ظلم و جبر اور فسطائیت کادور دورہ ہے۔ غریب اوربے گناہ لوگوں کے حقوق غصب کئے جا رہے ہیں۔ امن وامان کے قیام کے لئے ملک میں نظام عدل و انصاف کا قیام اشد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا مخدوم شاہ محمود قریشی وطن عزیز کے باکردار اور جرات مند سیاست دان ہیں۔ ان کے دامن پر آج تک کرپشن کا کوئی داغ دھبہ موجود نہیں ہے۔علامہ کاظمی نے مخدوم مرید حسین قریشی نے کی جانب سے اپنے بڑے بھائی مخدوم شاہ محمود حسین قریشی کے لئے والہانہ اور جرات مندانہ جذبات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آج یہ تاریخی لمحہ ہے ہم اس خاندان کے خیر خواہ ہیں اور ہمارا اس خاندان سے 80سالہ پرانہ تعلق ہے۔ انہوں نے مخدوم شاہ محمود حسین قریشی کی جلد رہائی کے لئے دعا کرتے ہوئے یہ توقع ظاہر کی کہ یہ خاندان مخدوم صاحب کی قیادت میں ہمیشہ متحد رہے گا اور ملکی سیاست میں حسب سابق خدمات سرانجام دیتا رہے گا۔ مخدوم مرید حسین قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا مخدوم شاہ محمود قریشی درگاہ کے سجادہ نشین اور میرے خاندان کے سربراہ ہیں۔ جب تک میں زندہ ہوں کوئی ان کی طرف میلی آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھ سکتا۔ انہوں نے کہا ہمارے جسم علیحدہ ہیں لیکن ہماری روح ایک ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی کو استقامت اور جرات کی وجہ سے پابند سلاسل کیا گیا ہے۔ مجھے امید ہے کہ وہ سرخرو ہو کر رہاہوں گے۔ مخدومزادہ زین حسین قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت غوثیہ ہمیشہ ملکی سالمیت واستحکام کیلئے کوشاں رہے گی۔ ہمارے بزرگوں نے قیام پاکستان میں بے مثال خدمات سرانجام دیں۔ اب استحکام پاکستان اور قیام امن میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے جماعت غوثیہ کو تلقین کی کہ وہ دین حق پر استقامت اختیار کریں۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کے ساتھ ساتھ رزق حلال کو اپنا شعاربنائیں۔ قومی زکریا کانفرنس میں صاحبزادہ سیداحسن سعید کاظمی‘ پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق خان قادری‘ زونل خطیب اوقاف مفتی محمد کاشف فریدی‘ قاضی محمد بشیر گولڑوی‘ ڈاکٹر ارشدعلی بلوچ‘ قاری رکن الدین قادری‘ صاحبزادہ لبیب ربانی‘ قاری غلام فرید اظہری اور قاری محمد صدیق خان نے بھی خطاب کیا۔ اختتامی تقریبات میں مخدومزادہ سجاد حسین قریشی‘ دربار عالیہ جبہ شریف شیخ واہن کے سجادہ نشین پیر مقبول احمد ہاشمی‘ مخدوم سید غلام مصطفی گیلانی‘ جماعت اہل سنت کے صوبائی ناظم اعلیٰ علامہ محمد فاروق خان سعیدی‘پیر طلحہ حسین رضوی‘ ڈاکٹر شہوار مصطفی اویسی‘ ملک ظہوراحمد مہے‘ بریگیڈیئر(ر) مقصود قریشی‘ پیرسیف احمد قریشی‘ میاں عابد حسین قریشی‘ میاں عابد حسین سہروردی‘ ملک نیاز محمدبھٹہ‘ سردارزادہ غلام عباس چاچڑ‘ میاں آصف محمود نقشبندی‘ میاں جمیل احمد نقشبندی کے علاوہ ملک بھر سے ہزاروں عقیدت مندوں اور زائرین نے شرکت کی۔ قاری حق نواز سعیدی نے تلاوت کی۔ جبکہ حافظ ہلال احمد اویسی اور قاری غلام فرید اظہری نے ختم شریف پڑھا۔ حمید نواز عاصم‘ وحید نواز‘ حامد نواز‘ محمد عاصم گولڑوی‘ محمد ذوالقرنین مہروی‘ محمد نعمان بختیار سعیدی اور شوکت حسین سعیدی نے ہدیہ منقبت پیش کیا۔ تقریبات میں خانوادہ قریش سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات نے شرکت کی۔ علامہ سید مظہر سعید کاظمی نے عالم اسلام کے اتحاد‘ پاکستان کی سالمیت و استحکام‘ قیام امن اور مخدوم شاہ محمود قریشی کی جلد رہائی کے لئے دعا کروائی۔
حضرت بہاءالدین زکریاؒ

مزیدخبریں