محسن نقوی کا سروسز، سمن آباد ہسپتال ، تھانے ، چلڈرن ہوم ، سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ 

Aug 26, 2023

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شہر کے مختلف ہسپتالوں، تھانے اور چلڈرن ہوم کا طویل دورہ کیا۔ سروسز ہسپتال کی نئی ایمرجنسی میں فنشنگ کے کام معائنہ کیا اور ایکسرے روم میں پرانے آلات اور پرانی فلور ٹائلز دیکھ کر برہمی کا اظہار کیا اور ایکسرے روم کی حالت اور نرسنگ کاو¿نٹر پر اے سی انسٹالیشن کو بہتر بنانے کا حکم دیا۔ محسن نقو ی نے کہا کہ ابھی تک صرف نئے بیڈزہی آئے ہیں۔ ایمرجنسی کے فنشنگ کے متعدد کام ادھورے پڑے ہیں۔ محسن نقوی نے سروسز ہسپتال کی نئی ایمرجنسی کو جلد ازجلد بہتر سے بہتر بنانے کی ہدایت کی اور سیکرٹری تعمیرات و مواصلات کو فنشنگ کے کام کی جلد تکمیل کیلئے ضروری ہدایات دیں۔ محسن نقوی نے سمن آباد ہسپتال کا بھی دورہ کیا۔ ہسپتال میں ڈاکٹرز کم اور مریض زیادہ تھے جبکہ فارمیسی بھی بند تھی، مریضوں اور تیمارداروں نے ڈاکٹرز کی جانب سے چیک اپ میں کئی کئی گھنٹے تاخیر کی شکایات کیں۔ مریضوں نے رات کے وقت ڈاکٹرز کم ہونے کے بارے میں شکایات کیں۔ ہسپتال میں سی ایم او، ایک میڈیکل آفیسر اور ایک وویمن میڈیکل آفیسر ڈیوٹی پر موجود تھیں۔ سمن آباد ہسپتال کے سی ایم او ہسپتال کے سیکنڈ اور تھرڈ فلور کے بارے میں دریافت کرنے پر کچھ نہ بتا سکے۔ سمن آباد ہسپتال میں ایک شہری نوید چشتی نے وزیراعلیٰ سے پرجوش مصافحہ کیا۔ نوید چشتی نے کہا کہ آپ کو دیکھتا رہتا ہوں، بڑا اچھا کام کر رہے ہیں۔ محسن نقوی کی ہدایت پر صوبائی وزراءہسپتال پہنچے اور علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تھانہ سمن آباد کا بھی دورہ کیا اور فرنٹ ڈیسک کا معائنہ کیا اور شہریوں کی درخواستوں پر ہونے والی کارروائی کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے تھانے کی خستہ حال عمارت، ٹینٹ میں ملازمین کی رہائشیں، ناقص صفائی،کمروں میں گندگی اورگرد آلود فائلیں وریکارڈ اور تھانے کی حالت زار دیکھ کر ناراضی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے حوالات میں بند لوگوں سے بات چیت کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کے دریافت کرنے پر بزرگ شخص نے بھیک مانگنے کے الزام میں پکڑے جانے کا بتایا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہنجروال کے رہائشی رحیم بخش کو ضروری کارروائی کے بعد فوری رہا کرنے کا حکم دیا۔ بزرگ شخص رحیم بخش وزیراعلیٰ محسن نقوی کو دعائے دیتا ہوا باہر آگیا۔ محسن نقوی نے انجمن سلیمانیہ چلڈرن ہوم کا دورہ کیا۔ چلڈرن ہوم کے کمروں اورکچن کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے بچوں کے ہال میں اے سی لگوانے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی سے برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور،برطانیہ اور پنجاب حکومت کے درمیان تعلیم، صحت، ثقافت، افسروں کی ٹریننگ اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ سانحہ جڑانوالہ اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے حکمت عملی پر بھی بات چیت کی گئی‘ محسن نقوی نے کہا کہ جڑانوالہ میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا، تمام مسلم سکالرز نے مسیحی برادری کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور ہم ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے جامع حکمت عملی پر کام کر رہے ہیں۔ نگران وزیراعلی نے اوکاڑہ کے سیلاب متاثرہ علاقے اٹاری کے قریب سیلاب متاثرہ دیہات کا دورہ کیا اور اٹاری کے مقام پر دریائے ستلج میں پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے سیلاب متاثرین کے لئے قائم ریلیف کیمپ اور خیمہ بستی میں متاثرین سے ملاقات کی۔ وزیر اعلی نے متاثرہ خاندانوں کو دلاسہ دیا اور ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔ محسن نقوی نے قصور میں صوفی بزرگ حضرت بابا بلھے شاہؒ کے مزار پر حاضری دی اور مزار پر چادر پوشی کی اور پھول رکھے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے فاتحہ خوانی کی اور ملک و قوم کی سلامتی اور ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی۔ وزیراعلی محسن نقوی نے حضرت بابا بلھے شاہؒ کے مزار کے توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ توسیعی منصوبہ کے تحت مزار کی تزئین و آرائش کی جائے گی۔
محسن نقوی 

مزیدخبریں