راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)اہل یونین کونسل 9کی جانب سے بجلی کے بلوں میں ظالمانہ اضافے کے خلاف پر امن احتجاجی رےلی نکالی گئی ،مظاہرے کی قیادت صدر عوامی ویلفیئر سوسائٹی غلام علی خان،صدر انجمن تاجران بنگش کالونی راجہ نواز،جنرل سیکرٹری لالہ یعقوب،محسن خان اور سید ناصر کاظمی نے کی،دیگر شرکا ءمیں ڈاکٹر بدیع الزماں،شیخ جاویدعالم، لالہ مبارک خان، سلمان کھوکھر، راجہ آصف اقبال اور دیگر معززین علاقہ شامل تھے احتجاجی ریلی بعد نماز جمعة البارک غوثیہ مسجد سے شروع ہو کر تھانہ پیر ودھائی تک اختتام پذیر ہوئی، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر عوامی ویلفیر سوسائٹی غلام علی خان نے کہا کہ آج کا یہ پر امن احتجاج بجلی کے بلوں میں ظالمانہ اضافے ، پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوںاورمہنگائی کے خلاف ہے،اس میں ہر جماعت کے ورکرز شامل ہیں،کیونکہ یہ کسی ایک جماعت یا ایک پارٹی کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ پورے راولپنڈی شہر بلکہ پورے ملک کے غریب عوام کا مسئلہ ہے،ہم غریب عوام کی آواز بن کر نکلے ہیں،،اگر بجلی کے ریٹس کم نہ کئے گئے تو ہمارا آئندہ کا احتجاج ڈی چوک میں ہو گا۔راجہ نواز،لالہ یعقوب، ندیم عباسی،رضوان عباسی،عمران خان،فیصل عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دب چکی ہے، ایسے حالات میں بجلی کے نرخوں مےں آئے روز اضافہ کرنا عوام سے زندہ رہنے کا حق چھیننے کے مترادف ہے،اس موقع پر غلام علی خان نے ایک قرارداد پیش کی جس کے مطابق بجلی کا فی یونٹ 20روپے تک لایا جائے اور کم از کم پانچ سو یونٹ تک تمام ٹیکسز کی چھوٹ دی جائے،اگر ہمارا مطالبہ نہ مانا گیا تو بہت جلد آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے