لاہور(نامہ نگار) لاہور پولیس نے بھتہ خوروں،بدمعاشوں، قبضہ مافیا اور غنڈہ عناصر کی سرکوبی کیلئے نئی فہرستیں تیار کر لی ہیں۔ ذرائع کے مطابق شہر میں زمینوں پر قبضہ، منشیات فروشی ،جواء اور اسلحہ کی نمائش کی شکایت پر موصول ہونے پرریکارڈ یافتہ 238 افراد کے ناموں کی فہرست تیار کی گئی ہیں۔ ہر طرح کا جرم کرنے والے عادی افراد کو پولیس کی خفیہ فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ جلد اس فہرست میں شامل افراد کو گرفتار کرنے کا ٹاسک سونپ دیا جائیگا اور اس سلسلے میں نئی تیار کی گئی فہرستیں متعلقہ تھانوں کو فراہم کی جائیں گی۔فہرست میں کینٹ،سول لائنز،صدر،سٹی ماڈل ٹاون اور اقبال ٹاون ڈویژن کے جرائم پیشہ افراد کے نام شامل ہیں۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل بھی پولیس نے شہر میں جرائم پر قابو پانے کیلئے فہرست تیار کر کے گرفتاریاں شروع کی تھیں۔