لاہور(نامہ نگار)انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے بہترین کارکردگی کے حامل لاہور پولیس کے افسران واہلکاروں کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی۔ آئی جی پنجاب نے بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کو کیش انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا۔انعامات حاصل کرنے والوں میں آپریشن،انویسٹی گیشن ٹریفک اور ڈولفن سمیت دیگر شعبوں میں تعینات کانسٹیبل سے انسپکٹر رینک کے 50 افسران و اہلکاربشمول انسپکٹرز ناصر حمید، عمران انوار،قمر ساجد، مسعود الرحمان، محمد جاوید اور قمر عباس سمیت دیگر شامل تھے۔ انعامات حاصل کرنے والے افسران و اہلکاروں نے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور انسداد جرائم میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔آئی جی پنجاب نے انعامات حاصل کرنے والے ایس ایچ اوز کو پہلے سے زیادہ محنت و فرض شناسی سے فرائض کی ادائیگی کے احکامات جاری کیے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ تھانہ ورکنگ میں ایس ایچ او کا کردار مرکزی ہے،لاہور پولیس کے افسران جرائم کی مختلف صورتحال سے نبرد آزما ہونے کیلئے خود کو ملٹی ٹاسکنگ بنائیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ سپروائزری افسران بشمول ماتحت سٹاف کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں، انکے دکھ درد بانٹیں اور ماتحت اہلکاروں کی استعداد کار میں اضافے، ہیلتھ ویلفیئر اور دیگر پیشہ ورانہ امور بارے ہر ممکن راہنمائی فراہم کی جائے۔ تقریب میں ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، اے آئی جی ڈسپلن احسن سیف اللہ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔