لاہور(نامہ نگار)کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ اور ڈی آئی جی آپریشنزسید علی ناصر رضوی کی سربراہی میں پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران لاہورکو ڈرگ فری سٹی بنانے کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔سی سی پی اوبلال صدیق کمیانہ نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کی رگوں میں زہر گھولنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ تعلیمی اداروں، ہاسٹلزودیگر ہاٹ سپاٹس کے اطراف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے جائیں۔نوجوان نسل کومنشیات جیسی لعنت سے بچانا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔منشیات جیسے مکروہ دھندے میں ملوث بڑے مگرمچھوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ٹیم ورک کے ذریعے منشیات فروشوں کا نیٹ ورک توڑیں۔بھکاریوں کے روپ میں سگنلزاور چوراہوں میں منشیات فروشوں کا خاتمہ کریں۔جہاں منشیات فروخت ہوئی متعلقہ ایس ایچ او،سرکل وڈویژنل افسران کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔ ڈی آئی جی آپریشنز سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ شہر کے داخلی وخارجی ناکوں پر منشیات کی بابت سخت چیکنگ عمل میں لائیں۔ نشہ آور اشیاء بیچنے والے منظم گروہوں اور استعمال کرنے والوں کیخلاف بھرپور کارروائیاں عمل میں لائیں۔پولیس افسران پورے جذبے کیساتھ اس لعنت کے خاتمہ کیلئے کام کریں۔ والدین واساتذہ بچوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں۔