حافظ آباد (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) تحریک خاکسار کے زیر اہتمام مہنگائی مکائو مارچ کیا گیا جو ساگر روڈ سے شروع ہوکر فوارہ چوک پر اختتام پزیر ہوا۔ مارچ کی قیادت مولانا محمد صدیق سالار نے کی جبکہ خاکسار پارٹی کے اراکین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء مارچ اپنے ہاتھوں میں بیلچے اٹھائے ہوئے تھے اور مہنگائی کے خلاف شدید نعرہ بازی کررہے تھے۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے محمد صدیق سالار نے کہا کہ بجلی بلوں میں روز بروز ظالمانہ اضافے نے غریب آدمی کے منہ سے دو وقت کو نوالہ بھی چھین لیا ہے۔ ہوشرباء مہنگائی کی وجہ سے عوام خودکشیوں پر مجبور ہو رہے ہیں۔ مارچ سے سالار محمد بشیر گجر، سالار رانا محمد خالد، سالار محمد اویس، سالار محمد افضل اور سالارن قیصر حمید نے بھی خطاب کیا۔