اوکاڑہ / بہاولپور/ بہاولنگر/ عارف والا / لاہور (آئی این پی + این این آئی + اے پی پی) دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب کے باعث پنجاب کے مختلف علاقوں عارف والا، بہاولنگر اور چشتیاں میں بستیاں ڈبونے کے بعد لودھراں کی دریائی بیلٹ بھی سیلاب کے نشانے پر ہے۔ دریائے ستلج میں میلسی سائفن کے مقام پر پانی کے بہائو میں تیزی سے اضافے کے باعث 40 موضع جات اور سینکڑوں بستیوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ سیلاب کی وجہ سے 24 سکول بند کر دئیے گئے ہیں جبکہ محکمہ تعلیم نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں چھٹیاں غیر معینہ مدت تک بڑھا دی ہیں۔ ادھر بہاولپور میں دریائی بیلٹ کی کئی بستیوں سے لوگ محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے، بورے والا کے مقام پر بھی پانی کی سطح میں اضافے سے متعدد چھوٹے بند ٹوٹ گئے ہیں۔ ادھر دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں اضافہ ہونے کے باعث پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا کہ دریائے سندھ اور ستلج میں سیلابی صورتحال ہے، شہری دریاں، ندی نالوں میں نہانے اور سیر و تفریح سے گریز کریں۔ پی ڈی ایم اے نے کہا کہ دریائے ستلج میں ہیڈ اسلام کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے اور سلیمانکی اور گنڈا سنگھ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ ترجمان نے کہا کہ نے کہا کہ دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے اور دریا میں تربیلا کالا باغ، چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دریائے چناب ،راوی اور جہلم میں پانی کا بہائو نارمل ہے، پی ڈی ایم اے کنٹرول روم سے صورتحال کی مانیٹرنگ جاری ہے۔پنجاب کے متعدد اضلاع میں سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیو کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور اب تک ہزاروں افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔ریسکیو کے ترجمان کے مطابق قصور،اوکاڑہ،پاکپتن،بہاولنگر،وہاڑی میں ریسکیو ٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ترجمان کا سیلابی علاقوں میں ریسکیو کی 425 کشتیاں، 1660 اہلکار سروسز فراہم کررہے ہیں ،24گھنٹوں میں 8484 لوگوں کا انخلائ، 420 افراد کی ٹرانسپورٹیشن،341 جانوروں کو محفوظ مقام پہ منتقل کیا گیا۔شہری دریائوں ، ندی نالوں میں نہانے اور سیر و تفریح سے گریز کریں۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے اٹاری، دریائے ستلج، اوکاڑہ کا دورہ کیا۔ ترجمان ریسکیو پنجاب کے مطابق سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے اٹاری ، دریائے ستلج، اوکاڑہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر ریسکیو اوکاڑہ ظفر اقبال نے فلڈ ریسکیو آپریشن کی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو 1122 کی 40 بوٹ، آپریٹر کیساتھ فلڈ ریسکیو آپریشن کر رہی ہیں کے علاوہ ایمرجنسی سروسز فراہم کر رہے ہیں۔
ستلج میلسی سائفن کے مقام پر پانی کے بہائو میں تیزی، چھوٹے بند ٹوٹ گئے
Aug 26, 2023