مڈغاسکر: اسٹیڈیم میں بھگدڑ مچنے سے 12 افراد ہلاک

Aug 26, 2023 | 11:33

مشرقی افریقا کے ملک مڈغاسکر  میں انڈین اوشین آئس لینڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں بھگدڑ مچنے سے 12 افراد ہلاک اور 80 افراد زخمی ہوگئے۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈین اوشین آئس لینڈ گیمز کی افتتاحی تقریب کا انعقاد مڈغاسکر کے دارالحکومت انتاناناریوو میں کیا گیا تھا۔مڈغاسکر کے وزیراعظم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ عوام کی بڑی تعداد مہاماسینا اسٹیڈیم کے داخلی راستے پر موجود تھی جہاں اسٹیڈیم میں  داخل ہونے کی کوشش کے دوران بھگدڑ مچی جس سے 12 افراد ہلاک اور 80 افراد زخمی ہوگئے جب کہ زخمیوں میں 11 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے وقت وزیراعظم خود اسٹیڈیم میں موجود تھے جنہوں نے اس حادثے کو المناک واقعہ قرار دیا اور قیمتی جانی نقصان پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کی ہدایت کی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مہاماسینا اسٹیڈیم میں 41 ہزار لوگوں کی گنجائش ہے اور اسٹیڈیم افتتاحی تقریب کے وقت عوام سے بھرا ہوا تھا۔اس سے قبل 2018 میں بھی مہاماسینا اسٹیڈیم میں ہی ایسا واقعہ پیش آچکا ہے جہاں مڈغاسکر اور سینیگال کے درمیان فٹبال کا میچ کھیلا جانا تھا کہ کہ بھگدڑ مچنے سے ایک شخص ہلاک اور 40 زخمی ہوئے تھے۔انڈین اوشین آئس لینڈ گیمز میں مختلف اقسام کے گیمز کا انعقاد کیا جاتا ہے جو ہر چار سال بعد ہوتے ہیں جب کہ انڈین اوشین آئس لینڈ گیمز کی بنیاد 1977 میں رکھی گئی تھی۔

مزیدخبریں