بجلی کےبھاری بِلوں کےمعاملےپر وزیراعظم ہاؤس میں ہنگامی اجلاس طلب

 نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بجلی کے نرخوں کے حوالے سے اسلام آباد میں کل ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے جس میں شہریوں کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کے حوالے سے مشاورت متوقع ہے۔تفصیلات کےمطابق وزیر اعظم آفس سے جاری ایک اعلامیہ کے مطابق وزیرِ اعظم نے کل اسلام آباد میں بجلی کے نرخوں اور صارفین کے بِلوں پر ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے. وزیرِ اعظم نے وزارت بجلی اور تقسیم کار کمپنیوں سے اس حوالے سے تفصیلی بریفنگ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت اس اجلاس میں صارفین کو بجلی کے بلوں کی مد میں زیادہ سے زیادہ ممکنہ ریلیف دینے کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔واضح رہے کہ بجلی  کے بلوں سے تنگ مظاہرین کی جانب سے کسی شدید ردعمل کے خدشے کے ہیش نظر اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی  یعنی آئسیکو نے پولیس کی خدمات طلب کر لی ہیں۔ملک بھر کی طرح راولپنڈی اور اسلام آباد میں بجلی کے بلوں پر عوامی احتجاج بڑھتا جارہا ہے جس کے پیش نظر آئیسکو حکام نے اپنے دفاتر اور تنصیبات کے تحفظ کے لیے  سینٹرل پولیس آفس راولپنڈی مراسلہ ارسال کردیا ہے۔آئیسکو کے سپرنٹنڈنگ انجینئر، آپریشن سرکل سٹی، کی جانب سے سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ صارفین جتھوں کی شکل میں آئیسکو دفاتر کا نہ صرف رخ کررہے ہیں بلکہ بجلی کے معاملے پر احتجاج اور مظاہرے بھی۔

ای پیپر دی نیشن