جن کی دعا قبول ہوتی ہے (۱)

انسان جب پریشانیوں میں مبتلا ہو جاتا ہے اور اس پریشانی کے عالم میں اسے کہیں سے مدد کی کوئی امید نظر نہیں آتی اور وہ بے حد مجبور ہو جاتا ہے۔ لیکن تب بھی ایک ایسا دروازہ ہے جو کھلا ہوتا ہے اور بندے کی نظر اس پر جم جاتی ہے وہ دروازہ اللہ تعالیٰ کی رحمت کا ہے ۔
 اللہ تعالیٰ کی رحمت ہر بے یارو مدد گار کو سہارا دیتی ہے ۔ جب بندہ اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس کی پکار کو سنتا ہے ۔ جب کوئی مجبور اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس کی دعا کو اپنی رحمت سے شرف قبولیت عطا فرماتا ہے ۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے :’’بتائو جب بے قرار اس کو پکارتا ہے تو اس کی دعا کو کون قبول کرتا ہے اور کون تکلیف کو دور کرتا ہے اور تم کو زمین پر پہلوں کا قائم مقام بناتا ہے کیا اللہ کے ساتھ کوئی اور معبود ہے تم لوگ بہت کم نصیحت قبول کرتے ہو ‘‘۔( سورۃ النمل ) 
ماں باپ اور مسافر کی دعا اللہ تعالیٰ قبول فرماتا ہے۔ ماں باپ اپنی اولاد سے بے حد پیار کرتے ہیں جس میں خلوص شامل ہوتا ہے ۔ جب والدین اپنی اوالاد کے لیے دعا مانگتے ہیں تو خالص نیت کے ساتھ مانگتے ہیں ۔ والد کی دعا اپنی اولادکے حق میں اللہ تعالیٰ قبو ل فرماتا ہے ۔ اسی طرح جو بندہ مسافر ہووہ اپنی منزل کی طرف گامزن ہو اللہ تعالیٰ اس کی دعا کو بھی قبول فرماتا ہے ۔
 حضور نبی کریمﷺ نے ارشاد فرماما : تین دعائوں کی قبولیت میں کوئی شک نہیں :مظلوم کی دعا ، والدکی اپنے بچوں کے حق میں کی گئی دعا اور مسافر کی دعا ۔ (ابن ماجہ) 
جب بندہ اللہ تعالیٰ کی راہ میں جہاد کے لیے نکلتا ہے اور اپنی جان کو اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں پیش کر دیتا ہے ۔ اور وہ خالص اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے جہاد کر رہا ہو تو اللہ تعالیٰ اس مجاہد کی دعا کو قبول فرماتا ہے ۔ حضرت عبد اللہ بن عباسؓ سے مروی ہے، حضور نبی کریمﷺ نے فرمایا : پانچ دعائیں قبول ہوتی ہیں : مظلوم کی دعا حتیٰ کہ وہ انتقام لے لے ، حج کرنے والے کی دعا حتیٰ کہ وہ واپس آ جائے ، مجاہدکی دعا وہ جہاد سے لوٹ آئے ، بیمار کی دعا حتیٰ کہ وہ صحت یاب ہو جائے اور بھائی کی اپنے بھائی کے لیے اس کی غیر موجوددگی میں کی گئی دعا ۔ 
جب کوئی مظلوم کسی کے خلاف دعا کرتا ہے تو وہ دعا بہت جلد قبول ہو جاتی ہے۔ حضور نبی کریمﷺ نے جب معاذ بن جبل ؓ کو یمن کا گورنر بنا کر بھیجا تو فرمایا مظلوم کی بد دعا سے بچو کیونکہ مظلوم کی بد دعا اور اللہ تعالیٰ کے درمیان کوئی حجاب نہیں ۔ ( بخاری )

ای پیپر دی نیشن