لاہور(نامہ نگار)لاہور پولیس کی جانب سے چہلم حضرت امام حسینؓ کے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی گئی۔ مرکزی جلوس کی سکیورٹی پر5 ہزارسے زائدپولیس افسران واہلکارڈیوٹی کے فرائض سرانجام دینگے۔ ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران نے بتایا کہ چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پرلاہور پولیس کے 12ایس پیز،28 ایس ڈی پی اوز،84 انسپکٹرز،ایس ایچ اوزتعینات کئے گئے ہیں۔خواتین کی چیکنگ کیلئے247 لیڈز پولیس اہلکار بھی ڈیوٹی کے فرائض انجام دیں گی۔مرکزی عزاداری جلوس کوتین درجاتی حفاظتی حصار پر مبنی سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔شرکاء کو مکمل تلاشی کے بعد ہی جلوس میں داخلے کی اجازت ہو گی۔ پولیس جوانوں کے ساتھ رضا کار بھی چیکنگ کے فرائض سر انجام دیں گے۔ چیکنگ کیلئے میٹل ڈیٹیکٹرزاور واک تھرو گیٹس کا استعمال یقینی بنایا جائیگاجبکہ امام بارگاہ، عزاداری جلوس کے روٹ میں آنے والی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز بھی تعینات ہونگے۔ مرکزی عزاداری جلوس کی پنجاب سیف سٹی اتھارٹیز اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جائیگی۔ڈولفن سکواڈ، پولیس رسپانس یونٹ اور تھانوں کی گاڑیوں کی موثر پٹرولنگ کو یقینی بنایا جائیگا۔ شرکاء مجالس اور جلوسوں کو محفوظ رکھنے کیلئے ہر ممکن ذرائع بروئے کا ر لائے جا ئیں گے۔ مرکزی جلوس حویلی الف شاہ سے برآمد ہو کر روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلاگامے شاہ اختتام پذیر ہو گا۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران نے اسلام پورہ کا دورہ کر کے 19 صفر کے پروگراموں کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ تعزیہ جلوس کے روٹ کا دورہ کیااور منتظمین جلوس سے ملاقات کی۔ جلوس کے روٹ میں آنیوالی بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات ہیں جبکہ تمام منسلک گلیوں کو بند کیا گیا ہے۔ جلوس کے روٹ کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹر نگ کی جا رہی ہے۔
چہلم حضرت امام حسینؓ،5 ہزارسے زائدپولیس افسر‘اہلکارڈیوٹی دینگے
Aug 26, 2024