لاہور(نیوز رپورٹر) سرکاری ڈیوٹی سے مسلسل غیر حاضر رہنے و فرائض میں غفلت برتنے پر لاہور جنرل ہسپتال کے 10 ملازمین کو نوکری سے برطرف کر دیا گیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق جنرل ہسپتال میں سزا و جزا کا نظام متعارف کرا دیا گیا ہے۔ ایک ماہ میں 10 ملازمین کو فرداً فرداً برطرفی کے نوٹیفکیشن جاری کئے گئے ہیں۔ ملازمت سے برخاست کئے گئے یہ ملازمین فرائض میں عدم دلچسپی اور ڈیوٹی سے مسلسل غیر حاضری کے مرتکب پائے گئے جس پر محکمانہ کارروائی اور قواعد و ضوابط کے بعد ان کو ملازمت سے فارغ کر دیا گیا۔ اس حوالے سے اے ایم ایس ایڈمن ڈاکٹر عدنان مسعود نے کہا ملازمت سے فارغ ہونیوالے ان ملازمین کو برطرفی سے پہلے شنوائی کا موقع بھی دیا گیا، لیکن وہ تسلی بخش وضاحت دینے میں ناکام رہے۔ ملازمت سے فارغ ہونیوالے ملازمین میں وارڈ سرونٹ محمد پرویز ،کارپینٹر عبد الرحمن ، وارڈ کلینرز عمران صفدر ، راشد مسیح، وکرم مسیح اور طارق محمود ، یاسر مسیح اور سوان گل، سیکورٹی گارڈ شفیق خوشنود جبکہ وارڈ اٹینڈنٹ راشد علی شامل ہیں۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فریاد حسین نے کہا دکھی انسانیت کی خدمت سے عاری ملازمین کیلئے جنرل ہسپتال میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ تینوں شفٹ کے ملازمین کی حاضری و کارکردگی کو مانیٹر کر رہے ہیں۔ملازمین ڈسپلن کی پابندی کریں اور مریضوں کیساتھ خندہ پیشانی سے پیش آئیں۔