لاہور(نیوزرپورٹر) پاکستان مسلم لیگ ن لاہور کے صدر ورکن قومی اسمبلی ملک سیف الملوک کھوکھر ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عامر خان سید توصیف شاہ نگہت شیخ صبغت اللہ سلطان اور غزالی سلیم بٹ سمیت دیگر نے کہا فتنہ پارٹی ملک میں انتشار پھیلانے کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے پروپیگنڈوں سے اب کچھ بھی چیز بعید نہیں ہے۔ بھابھی اور نند کے اختلافات فتنہ پارٹی کے وٹس ایپ گروپس میں موضوع بحث بن رہے ہیں۔ بھابھی اور نند میں پی ٹی آئی پر قبضے کی جنگ چل رہی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی رہنماؤں و کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا بانی پی ٹی آئی جب وزیراعظم تھے مخالفین کو پھانسی پر لٹکانے کی فہرستیں تیار کرتے تھے۔ آج عمران خان کی اپنی بیوی اور بہن پھانسی سے متعلق پروپیگنڈے کر رہی ہیں۔ اقتدار میں تھے تو مخالفین کو دیوار میں چنوا دینے کے پلان بناتے رہے ہیں۔ اب دونوں میاں بیوی جیل کی دیواروں کے سائے سے بھی ڈرنے لگے ہیں۔