حضرت داتا گنج بخش ؒ  کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں:مفتی مصطفیٰ اشرف رضوی 

لاہور(خصوصی نامہ نگار)مرکزی امیر عالمی جماعت اہلسنت و امیر حزب الاحناف مفتی پیر سید مصطفیٰ اشرف رضوی نے کہا حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ  کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے بھٹکے ہوئے لوگوں کو سیدھا راستہ دکھایا،لاکھوں لوگوں کو دولت ایمانی سے مالا مال کیا، ان کا پیغام امن کا پیغام ہے۔ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒنے پورے برصغیر میں اسلام کی ترویج و اشاعت کی اور رشد و ہدایت کی عظیم مثال قائم کی۔ان خیالات کاا ظہار انہوں نے جامع حزب الاحناف میں 3 روزہ مصطفائی لنگر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مصطفائی لنگر کی افتتاحی تقریب میں شیخ طاہر انجم،شیخ فیصل گلزار،غلام مرتضیٰ سعیدی،چوہدری اعجاز فقہی،سید حیدر مصطفیٰ رضوی،پیر مراد رضوی،ایم پی اے چوہدری احسن رضا خان،ایم پی اے نعیم صفدر انصاری،ڈاکٹر حمزہ مصطفائی، رانا خالد محمود ودیگر کررہے ہیں۔ پیر سید مصطفیٰ اشرف رضوی کا کہنا تھا مصطفائی لنگر جامع حزب الاحناف داتا گنج بخشؒ روڈ پر 3 روز تک ہر خاص و عام کیلئے جاری رہے گا۔ سید ہجویر مخدوم حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒکے 981 میں عرس مبارک کے موقع پر المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی پاکستان کے زیر اہتمام جاری مصطفائی لنگر کے دوسرے روز 80 ہزار سے زائد زائرین شاندار باوقار مصطفائی لنگر سے مستفید ہوئے ہیں۔ ملک بھر کے طول و عرض سے آئے ہوئے داتا گنج بخش علی ہجویریؒکے ان مہمانوں نے ایئر کنڈیشنڈ ہال میں بیٹھ کر باوقار انداز میں لنگر تناول کیا۔

ای پیپر دی نیشن