لاہور(نیوز رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیرکا ٹی ایچ کیو ہسپتال مریدکے کا رات گئے اچانک دورہ۔ ہسپتال کی بدانتظامی، ناقص صفائی کی صورتحال، مریضوں کی شکایات پر صوبائی وزیر صحت نے ایم ایس کو شوکاز جاری کرنے کی ہدایت کردی اور ہسپتال کے ایک فارماسسٹ کو محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر میں فوری رپورٹ کرنے کا حکم دیدیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نے کہا مریضوں کی بہتر دیکھ بھال اور ادویات کی مفت فراہمی ہی میری ریڈ لائین ہے۔ ہسپتال میں مارننگ، ایوننگ، نائٹ شفٹ میں فارماسسٹ غائب اور ادویات کی لوکل پرچیز میں بے قاعدگیاں پائی گئیں۔ ایمرجنسی اور دیگر شعبہ جات میں مریضوں نے ڈاکٹروں کے خلاف شکایات کے انبار لگا دئے جس پر خواجہ عمران نذیر نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہسپتال میں مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کی غفلت اور شکایات کی صورت میں ہسپتال انتظامیہ احتساب سے نہیں بچ سکے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام شفٹوں میں ڈاکٹرز اور سٹاف کی ڈیوٹیوں کو ریشنلائز کرکے فوری رپورٹ پیش کی جائے۔اس موقع پر چیف ڈرگ کنٹرولر اظہر جمال سلیمی بھی وزیر صحت کے ہمراہ تھے۔