اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی حکومت کے دفاتر کو پیپرلیس بنانے کیلئے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور متعلقہ اداروں کو ٹاسک سونپ دیا۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ وفاقی سرکاری دفاتر میں ای آفس کے نفاذ میں کسی قسم کی سست روی قبول نہیں، ایک ماہ کے اندر تمام دفتری فائلز پر کام ای آفس کے ذریعے یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ سے کوئی بھی فائل ای آفس کے علاوہ نہیں دیکھوں گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ نظام میں شفافیت اور تیزی لانے کیلئے ای آفس کا نفاذ حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے۔ وزیراعظم نے حکام کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یقینی بنایا جائے کہ تمام سرکاری دفاتر میں افسران ای آفس کے ذریعے فائلز بھیجیں۔ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر وزیرِ اعظم آفس کے سٹاف کی گزشتہ ہفتے ای آفس کی ٹریننگ مکمل کر لی گئی اور وزیرِ اعظم نے گزشتہ ہفتے بذات خود ای آفس پر فائلز موصول کیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ای آفس پاکستان میں ڈیجیٹائزیشن کے فروغ اور گورننس کی بہتری کیلئے نہایت کلیدی اقدام ہے۔ انہوں نے آئندہ دو ہفتوں میں ای آفس کے نفاذ پر پیش رفت پر رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔ دوسری طرف وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) کی تحلیل کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل کی وجہ سے سبکدوش ہونے والے ملازمین کو دیا جانے والا مالی پیکیج ان افراد کے لیے ہرگز نہیں ہے جن پر سنگین کرپشن کے الزامات ثابت ہو چکے ہوں۔انہوں نے ہدایت کی کہ پاک پی ڈبلیو ڈی کے تحت جاری منصوبوں کی صوبوں اور متعلقہ اداروں کو منتقلی کا حتمی لائحہ عمل جلد از جلد پیش کیا جائے اور تحلیل سے متعلق تمام حتمی تجاویز کابینہ کے سامنے پیش کی جائیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاک پی ڈبلیو ڈی کے کم مدت ملازمت کے حامل محنتی اور ایمان دار افراد کو دوبارہ ملازمت فراہم کرنے کے لیے ایج ریلیکسیشن کی تجویز پر عملدرآمد کی جائے۔ دریں اثناء شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کی بیرونی تجارت میں اضافے پر یو اے ای قیادت کو مبارکباد دی۔اپنے پیغام میںشہباز شریف نے کہا کہ سال کے پہلے حصے میں یو اے ای کی بیرونی تجارت میں گیارہ فیصد اضافے پر شیخ محمد بن زید کو دلی مبارکباد دیتا ہوں، یو اے ای کی بیرونی تجارت 397ارب ڈالرز تک پہنچ گئی ہے۔د شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شیخ محمد بن زید کے زیر قیادت یو اے ای قابل بھروسہ عالمی تجارتی شراکت دار بن چکا ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ بہترین معاشی کارکردگی کا سہرا شیخ محمد بن زید کی قیادت کے سر ہے۔وزیرِ اعظم نے کرم میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کے افسران و جوانوں کی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں ہیں،وزیرِ اعظم نے حملے میں شہید پولیس اہلکار کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ شہید کی بلندی درجات اور اہلِ خانہ کیلئے صبر کی دعا کی۔ زخمی اہلکار کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔وزیرِاعظم نے حملے کے ذمہ داران کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت۔