سرینگر (آئی این پی + این این آئی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان شہید ہوگیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع بارہ مولا میں قابض بھارتی فوج نے ایک گاوں کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کر کے سرچ آپریشن کے نام پر گھر گھر تلاشی لی۔ اس دوران موبائل فون سروس معطل رکھی گئی اور ایمبولینس کو بھی داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ سرچ آپریشن میں خواتین کو ہراساں کیا گیا اور بزرگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا جبکہ بھارتی پولیس نے رام بن سے ایک نوجوان کی لاش برآمد کی جس کی موت پراسرار حالات میں ہوئی ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پولیس نے بتایا کہ رام بن پولیس اسٹیشن کو اطلاع ملی کہ وارڈ نمبر 1رامبن میں ایک لاش پڑی ہے۔دوسری جانب پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی نے اپنے منشور میں دفعہ370اور 35اے کی بحالی اور کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ کا وعدہ کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ 2019میں دفعہ370اور 35Aکی غیر آئینی اور غیر قانونی منسوخی نے تنازعہ کشمیر کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے جس سے خطے کے لوگوں کا احساس محرومی مزید گہرا ہو گیا ہے۔