اسلام آباد (خبرنگار) وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین نے بالخصوص مذہبی، ثقافتی، سماجی اور خاندانی شعبوں میں شعور بیدار کرنے میں خواتین کے اہم اور فعال کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کی اجتماعی فلاح و بہبود اور بہتر مستقبل کی تشکیل میں خواتین کے انمول کردار کو آگے بڑھانے میں ہم سب کو مل کر کاوشیں بروئے کار لانی چاہئیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کو یہاں مصر کی سپریم کونسل برائے اسلامی امور کی 35ویں بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا عنوان شعور کی بیداری میں خواتین کا کردار تھا۔ افتتاحی تقریب میں مصر کے وزیر اوقاف ڈاکٹر اسامہ الازہری، مصری وزیر برائے سماجی یکجہتی ڈاکٹر مایا مرسی، مصر کے مفتی ڈاکٹر نظیر عیاض سمیت مختلف اسلامی ممالک کے وزراء، علماء کرام، دانشوروں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کیے وفاقی وزیر نے کہا کہ اس کانفرنس کا موضوع زیادہ منصفانہ اور روشن خیال دنیا کے لیے ہماری اجتماعی کوششوں کی غمازی کرتا ہے، اس موضوع کی ہماری تحقیق چار اہم شعبوں کی چھان بین پر محیط ہے جن میں خواتین اہم رہی ہیں اور رہیں گی، یہ شعبے مذہبی بیداری، ثقافتی بیداری، کمیونٹی خدمات، اور خاندان اور بچوں کی نشوونما کی پرورش پر مشتمل ہیں۔ چوہدری سالک حسین نے کہا کہ ان شعبوں میں سے ہر ایک شعبہ نہ صرف خواتین کی بے مثال خدمات بلکہ مزید ترقی اور اثرات کے امکانات کو بھی اجاگر کرتا ہے.