اسلام آباد+ شیخوپورہ+ کھاریانوالہ (آئی این پی+ نمائندگان) ملک بھر میں معیشت کی بحالی کیلئے انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ اب تک مجموعی طور پر 70 ہزار سے زائد بجلی چوروں کے خلاف سخت کریک ڈائون کے نتیجے میں اب تک 108 بلین روپے وصول کرلیے گئے۔ دریں اثناء لیسکو ٹیموں نے کھاریانوالہ، کوٹ جیون سنگھ، پرانی بھکھی، ولیانوالہ، چوڑا دیوان چوڑا سنگھ سمیت دیگر دیہات میں درجنوں بجلی چوروں کو رنگے ہاتھوں بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا۔ تھانہ شرقپور شریف اور تھانہ واربرٹن میں بجلی چوری کے ایف ائی آر درج کروائی گئیں اور بجلی چوروں سے ڈٹیکشن بل چارج کیے گئے جو کہ ایک لاکھ یونٹ جن کی مالیت تقریباً 50 لاکھ روپے ہے جرمانہ کی مد میں چارج کیے گئے۔