لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے متنازعہ فیصلہ کو کامیابی سے درست کرانے کی مبارکباد کی اصل مستحق وہ دینی جماعتیں اور تمام مکاتب فکر کے علمائے حق ہیں جنہوں نے تحفظ ناموس رسالت پر پہرہ دینے کا حق ادا کیا ہے۔ حکومت اور سپریم کورٹ کے ججز بھی مبارکباد کے حق دار ہیں۔ آئین پاکستان کی تمام دینی شقوں، بالخصوص ختم نبوت کے متفقہ فیصلوں میں کسی نے بھی ردو بدل کرنے کی کوشش کی تو شمع رسالت کے پروانے کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ وہ جامعہ عمر بن عبدالعزیز گلبرگ میں ایک پریس کانفرس سے خطاب کر رہے تھے۔ ان کے ساتھ پروفیسر عدنان فیصل اور دیگر راہنما بھی موجود تھے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ عقیدہ ختمِ نبوت کے تحفظ کے لیے جس طرح تمام دینی جماعتوں اور مکاتب فکر نے اجتماعی طور پر مثالی کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان کے غریب عوام کو سود، کرپشن، آئی پی پیز اور مہنگائی سے نجات دلانے کے لئے بھی اسی طرح مشترکہ تاریخی کردار سر انجام دینا چاہیے۔