لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے حکومتی معاہدہ کا فالو اپ جاری ہے، 28 اگست کو ملک گیر تاریخی شٹر ڈاؤن ہوگا، تاجروں کی ہڑتال کی کال کی بھی مکمل حمایت کرتے ہیں، حقوق کے لیے پوری قوم کو یک جان ہونا پڑے گا، اسی صورت حکمرانوں کی لوٹ مار رکے گی۔ ن لیگ، پی پی اور اتحادیوں کو بتانا چاہتا ہوں، عوام کو ریلیف دینا پڑے گا، پنجاب میں دو ماہ کے لیے 14روپے یونٹ کمی مونگ پھلی کا دانہ ہے، نواز شریف بادشاہ سلامت بن کر بجلی بل کم کرنے کے اعلان کی بجائے قوم کو بتائیں کیپسٹی چارجز کی مد میں کتنے روپے کھائے ہیں، صرف شریف خاندان اور ان کے منظور نظر افراد کی آئی پی پیز کے کیپسٹی چارجز ختم ہوجائیں تو پورے ملک کے عوام کے لیے بجلی سستی ہوسکتی ہے۔ منصورہ میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور ڈائیریکٹر ڈیجیٹل میڈیا سیل سلمان شیخ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ظالمانہ نظام اور مسلط طبقہ کی اجارہ داری ختم کیے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ نوجوان ہماری قوت اور مستقبل ہیں،پوری دنیا کو لیڈ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اسی فیصد آبادی چالیس سال جبکہ پینسٹھ فیصد تیس سال کی عمر پر مشتمل ہے، کسی صورت مایوس نہیں ہوں گے۔ 77سالوں سے چند خاندانوں پر مشتمل قبضہ مافیا کی پالیسیوں کے باعث طلبہ اور یوتھ مایوس ہیں، بنو قابل کے تحت ملک بھر میں فری کورسز کا دائرہ پورے پاکستان میں پھیلائیں گے، بین الاقوامی معیار کی آئی ٹی یونیورسٹی قائم کریں گے اور روزگار کے مواقع فراہم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کے نجی ہوٹل میں منعقدہ سکلز گالا ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے کیا جہاں ملک بھر سے فری لانسرز کمپنیوں کے نمائندگان سمیت بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات شریک تھیں۔ اس موقع پر فاؤنڈر سکلز گالا عائشہ زمان، فاؤنڈر Enablers ثاقب اظہر، نائب صدر الخدمت ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف، ڈائریکٹر بنو قابل عمیر ادریس، ڈائیریکٹر ڈیجیٹل میڈیا و سی ای او بنو قابل سلمان شیخ اور ڈائریکٹر الخدمت والنٹیئرز سنان اکبر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا انٹرنیٹ کی بندش کے باعث آئی ٹی انڈسٹری تباہ ہو چکی۔