لاہور (نیوزرپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ علیمہ خان اور بشریٰ بی بی کے درمیان زمان پارک کے گھر پر قبضے کے بعد پارٹی پہ قبضے کی لڑائی چل رہی ہے۔ نند اور بھاوج کے درمیان یہ لڑائی نکاح کے فوراً بعد سے جاری ہے۔ بیرسٹر سیف نہ تین میں ہے نہ تیرہ میں، ان کو پارٹی میں کوئی نہیں جانتا۔ ان کو نہ تو بشریٰ بیگم جانتی ہے اور نہ علیمہ خان۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرسٹر صاحب! آپ کو یاد ہوگا کہ نون میں سے شین نکالنے والا ایک بازیگر 40 دن کا چلہ بھی کاٹ چکا ہے۔ آپ اپنے جعلی مولا جٹ وزیراعلیٰ کی پرفارمنس قوم کو بتائیں۔ آپ لوگ صوبے کی قسمت بدلنے آئے تھے۔ علی امین گنڈا پور اور اس کے حواری دونوں ہاتھوں سے کے پی کے کے وسائل لوٹ رہے ہیں۔ علی امین گنڈاپور ٹی وی سکرینوں پر بغلیں بجاتے ہیں جبکہ بند کمروں میں پاؤں پکڑتے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی سیاست کو سمجھنے کے لیے آپ لوگوں کو دوبارہ جنم لینا پڑے گا۔ پنجاب میں لوگوں کو سولر پینل، گھر، طلبہ کو بائیکس اور لیپ ٹاپ دیئے جا رہے ہیں۔ خیبر پی کے کے لوگ اچھی صحت اور معیاری تعلیم جیسی سہولیات کو ترس رہے ہیں جبکہ ظل تباہی جیل میں بیٹھے پستے بادام کھا رہے ہیں۔
علی امین اور حواری دونوں ہاتھوں سے خیبر پی کے کے وسائل لوٹ رہے: عظمیٰ بخاری
Aug 26, 2024