گوجرانوالہ:اخبار مارکیٹ میں ایم سی کا آپریشن،تھڑے توڑدئیے 

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )اخبار مارکیٹ میں دھوپ اور بارش سے بچا ئو کیلئے لگائے گئے شیڈاور اخبارات تقسیم کرنے کیلئے بنائے ہوئے تھڑے میونسپل کارپوریشن کے اہلکاروں نے توڑ دئیے، اخبار فروشوں کو صبح سویرے شدید مشکلات کا سامنا، اخبار فروشوں میں غم وغصہ کی لہر دوڑ گئی،اخبار فروش یونین کے صدر جنرل سیکرٹری اور دیگر رہنمائوں نے اس واقعہ کی شدید مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ بغیر کسی اطلاع کے میونسپل کارپوریشن والوں نے اخبار مارکیٹ میں توڑ پھوڑ کرکے ہمارے ساتھ سخت زیادتی کی ہے، صبح تقریباچار بجے سے لیکر نو بجے تک اخبار مارکیٹ بند ہو جاتی ہے اس لئے اس دوران اور ان اوقات کے بعدبھی آج تک اخبار مارکیٹ کی وجہ سے آمدورفت میں کبھی کوئی رکاوٹ پیدا نہیں ہوئی ان کا کہنا تھا کہ اخبار مارکیٹ میں توڑ پھوڑ سے ہونیوالے نقصان کا ازالہ کیا جائے اور اخبار فروشوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے انہوں نے مزید کہا کہ میونسپل کارپوریشن کے اہلکاروں کو آئندہ کیلئے اخبار مارکیٹ میں توڑ پھوڑکرنے سے نہ روکا گیا تو اخبار فروش گوجرانوالہ میں تمام اخبارات کی سپلائی بند کردیں گے اور شہر بھر میں ہر اخبار کی تقسیم روک دی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن