وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات پر ردعمل میں کہا کہ مکمل تحقیقات کے حقائق ثبوت کے ساتھ سامنے لائیں گے۔وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ تخریب کاری کے واقعات پاکستان میں عدم استحکام پیداکرنےکی سازش ہے، دشمن سوچےسمجھے منصوبےکے تحت ملک میں انارکی پیدا کرنا چاہتا ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کر کے 12 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، بلوچستان میں قیام امن کے لیے ہر ممکن اقدام کیے جائیں گے۔وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو چھپنےکی جگہ نہیں ملے گی، بلوچستان حکومت کے ساتھ رابطے میں ہوں، امن کی فضا برقرار رکھنےکے لیے مؤثر اقدامات کیےجا رہے ہیں، دہشتگردی کے واقعات میں شہدا کے لواحقین کے غم میں برابرکے شریک ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو مستقل بنیادوں پر مانیٹرکیا جا رہا ہے۔
دشمن منصوبےکے تحت انارکی پھیلانا چاہتا ہے لیکن دہشتگردوں کو چھپنےکی جگہ نہیں ملے گی: وزیر داخلہ
Aug 26, 2024 | 15:24