قائداعظم محمد علی جناحؒ کا 133واں یوم ولادت جوش و خروش سے منایا گیا

Dec 26, 2009

سفیر یاؤ جنگ
اسلام آباد + کراچی (نیوز ایجنسیاں + مانیٹرنگ نیوز) بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کا 133واں یوم ولادت ملک بھر میں جوش و خروش سے منایا گیا۔ اس موقع پر نماز فجر کے بعد مساجد میں ملک کی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ تمام اہم عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے گئے۔ کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی خصوصی تقریب ہوئی جس میں کیڈٹ کالج کے چاک و چوبند دستے نے گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ اس موقع پر ملک بھر میں مختلف جماعتوں اور تنظیموں کی طرف سے تقریبات کا اہتمام کیا گیا جس میں بانی پاکستان کی ملکی و ملی خدمات پر روشنی ڈالی گئی اور مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ ہمیں آج کے روز یہ عہد کرنا چاہئے کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے خواب کے مطابق پاکستان کو ایک فلاحی مملکت بنانے کیلئے ہر شخص اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ یوم ولادت کے موقع پر تمام اخبارات نے خصوصی ایڈیشن شائع کئے۔ ریڈیو اور ٹی وی پر دن بھر خصوصی پروگرام نشر اور ٹیلی کاسٹ کئے جاتے رہے۔ جن میں بانی پاکستان کی خدمات کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر عام تعطیل تھی۔ صدر آصف علی زرداری‘ گورنر سندھ عشرت العباد‘ وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ‘ سٹی ناظم کراچی‘ اعلیٰ حکام اور دیگر نے مزار قائد پر حاضری دی۔ فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ صدر اور وزیراعظم نے اس دن کے حوالے سے خصوصی پیغامات بھی جاری کئے جن میں انہوں نے بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پاکستان کو ان کے نظریات کے مطابق عوامی‘ فلاحی‘ جمہوری مملکت بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں مزار قائدؒ پر حاضری کے بعد گفتگو کرتے ہوئے گورنر ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ نے کہا کہ ملکی ترقی میں اپنی ایماندارانہ اور مخلصانہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔صوبائی دارالحکومت سمیت صوبہ بھر میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گےا جبکہ تمام ڈویژنل‘ ضلعی‘ تحصیل ہیڈ کوارٹرز پربھی تقریبات منعقد ہوئےں۔ اس موقع پر قومی یکجہتی کے عظیم الشان جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے بانی پاکستان کو ان کی گرانقدر خدمات اور برصغیرکے مسلمانوں کےلئے آزاد اور خود مختار وطن پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر بنانے کےلئے جدوجہد پر شاندار الفاظ مےں خراج عقیدت پیش کیا گےا۔ سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا گیا۔
قائدؒ / یوم ولادت
مزیدخبریں