ہاشمی، شاہ محمود، قصوری، ترین کو ”سیٹ ونرز“ کی تحریک انصاف میں شمولیت کا ٹاسک

لاہور (فرخ بصیر سے) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی میں شامل ہونے والے نئے سیاسی رہنماﺅں جاوید ہاشمی، شاہ محمود قریشی، خورشید قصوری اور جہانگیر ترین کو اپنے اپنے علاقوں اور حلقہ احباب سے اہم اور سیٹ ونر امیدواروں کو تحریک انصاف میں لانے کا ٹاسک سونپ دیا ہے۔ ان بااثر سیاسی لیڈروں کو خاص طور پر جنوبی پنجاب میں ایسے حلقوں پر بھی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے جہاں پر پیپلز پارٹی اور ق لیگ نے انتخابی اتحاد کر رکھا ہے، ان حلقوں میں اپنی اپنی پارٹیوں سے دلبرداشتہ امیدواروں کے تحریک انصاف میں شمولیت کے زیادہ امکانات ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق پنجاب میں قومی وصوبائی اسمبلی کے50سے60 انتخابی حلقہ جات ایسے ہیں جہاں پر پیپلز پارٹی ق لیگ کے مقابلے میں اپنا امیدوار کھڑا نہیں کرے گی، تحریک انصاف نے خاص طور پر ایسے حلقوں کو ٹارگٹ کرنے کا پروگرام بنایا ہے تاکہ پارٹی ٹکٹ سے محروم رہ جانیوالے اچھے امیدواروں کو تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے میدان میں اتارا جا سکے، تحریک انصاف اپنا تیسرا بڑا جلسہ جنوبی پنجاب میں کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ پیپلز پارٹی کے ووٹ بنک میں بھی دراڑ ڈالی جا سکے۔

ای پیپر دی نیشن