لاہور (سٹاف رپورٹر) تحریک انصاف میں تیسرے وزیر خارجہ نے شرکت کر لی ہے۔ شاہ محمود قریشی اور خورشید محمود قصوری کے بعد پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر خارجہ سردار آصف احمد علی نے بھی تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔ نجی چینل پر تحریک انصاف ممیں اپنی شمولیت کی وجوہات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں اپنی پارٹی قیادت کو عرصے سے تحفظات سے آگاہ کر رہا تھا۔ صدر کے بعض بیانات سے مجھے اختلاف تھا۔ آصف زرداری کی قیادت میں پارٹی بے نظیر کا ویژن کھو چکی ہے۔ اپنے تحفظات کےلئے بلاول بھٹو، فریال تالپور اور وزیراعظم سے بھی ملاقات کی مگر کہیں شنوائی نہ ہوئی۔ دوسری طرف سابق وفاقی وزیر اطلاعات خالد کھرل بھی اگلے ایک دو دنوں میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے جارہے ہیں۔