کراچی (نیوز رپورٹر) بھتہ خوری‘ دہشت گردی‘ بم دھماکوں اور لوٹ مار کے خلاف میانوالی برادری کے گڈز ٹرانسپورٹرز کی پُرامن ریلی انجمن اتحاد کے تحت میانوالی کالونی‘ منگھوپیر سے نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت الحاج خان دل خان نیازی نے کی۔ ریلی میں میانوالی برادری کے ہزاروں نوجوانوں اور بزرگوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے بھتہ خوری‘ دہشت گردی‘ بم دھماکوں اور لوٹ مار کے خلاف بینرز اٹھارکھے تھے اور امن و امان کے قیام کے لئے نعرے بازی کی گئی۔ رینجرز اور پولیس کے اعلٰی حکام بھی ریلی کے ساتھ موجود رہے۔