کراچی (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ کراچی میں حلقہ بندیوں کے حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کرونگا، اس معاملے پر عدالت عظمیٰ میں نظرثانی کی اپیل دائر ہوچکی ہے عدالتی فیصلے کا انتظار کیا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے مزار پر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ رحمان ملک نے مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ جو لوگ سیاست نہیں ملک میں ریاست کی باتیں کررہے ہیں وہ سن لیں کہ سیاست اور ریاست ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم ہیں۔ کراچی میں قیام امن کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سندھ حکومت نے سخت ہدایات جاری کردی ہیں اور ٹارگٹ کلرز کے خلاف کاروائی کے لئے سخت ایکشن لیا جارہا ہے۔