مخالفین کتنے ہی حربے استعمال کر لیں آئندہ حکومت بھی پیپلزپارٹی کی ہو گی: صدر

ہالا+ کراچی (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت نیوز) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے خلاف سازشیں کرنے والے ناکام ہونگے، ہمارا جینا مرنا غریب عوام کے ساتھ ہے، کوشش کریں گے مخالفین کو بھی ساتھ لیکر چلیں، مخالفین کتنے بھی حربے استعمال کر لیں آئندہ حکومت بھی پیپلزپارٹی کی ہو گی، جیالے الیکشن کی تیاری کرےں، موجودہ حکومت بے نظیر بھٹو کے نظرئیے پر چلتے ہوئے عوام کی خدمت کر رہی ہے، مفاہمتی پالیسی کے باعث ملک میں سیاسی استحکام پیدا کیا، کراچی میں قیام امن کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائینگے، مخالفین کو مفاہمت کی پالیسی کے تحت ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو مخدوم ہاو¿س ہالا میں وفاقی وزیر تجارت مخدوم امین فہیم کی جانب دیئے گئے ظہرانہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر زرداری نے کہا کہ پی پی غریب مزدوروں کی پارٹی ہونے کی وجہ سے پنجاب کے گورنر ہاو¿س سمیت ملک کے چا روں صوبوں میں جئے بھٹو کے نعرے لگ رہے ہیں، ہمارا جینا مرنا غریب عوام کے ساتھ ہے، پی پی ملک کی واحد پارٹی ہے جس کے لیڈروں میں شہید ذوالفقار علی بھٹو، محترمہ بے نظیر بھٹو نے جان کی قربانی کا نذرانہ دیا اور موجودہ حکومت محترمہ بے نظیر بھٹو کے نظریہ پر چل کر عوامی خدمت کررہی ہے۔ صدر زرداری کے خطاب کے دوران کارکنان نے جئے بھٹو، ایک زرداری سب پہ بھاری کی نعرے بازی کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں صدر آصف زرداری نے گورنر سندھ کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی۔ پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بعدازاں وزیراعلیٰ اور کابینہ کے ارکان کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی۔ اس موقع پر مزار قائد پر گارڈ کی تبدیلی کی تقریب بھی ہوئی۔ علاوہ ازیں صدر آصف زرداری نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کومسلسل 10سال تک صوبے کی خدمات کے اعتراف میں پاکستان کے سب سے بڑے سول اعزاز "نشان امتیاز" سے نوازاہے۔ نشان امتیاز دینے کی پُروقار تقریب منگل کو گورنر ہاﺅس میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، بلاول بھٹو زرداری،نوید قمر، خورشید شاہ، شرجیل میمن سمیت ارکان اسمبلی اور عمائدین شہر کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ حکومت عوام کی فلاح وبہبود کے لئے اقدامات کر رہی ہے اور جمہوری حکومت نے مفاہمتی پالیسی کے باعث ملک میں سیاسی استحکام پیدا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب معاشی استحکام ہمارا وژن ہے ۔ صدر نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رکھی جائے گی۔ قبل ازیں صدر سے گورنر ہاﺅس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال ، صوبے کے انتظامی معاملات، ترقیاتی کاموں اور امن و امان کی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر صدر نے ہدایت کی کہ کراچی میں قیام امن کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں اور ترقیاتی کاموں کو بروقت مکمل کیا جائے۔ علاوہ ازیں صدر زرداری نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کو حل کئے بغیر مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن ممکن نہیں ہے، پاکستان آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا۔ وہ منگل کو گورنر ہاﺅس میں فلسطین کو اقوام متحدہ میں غیر مبصر رکن کا درجہ ملنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان آزاد، خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کا حامی ہے۔ آزاد فلسطینی ریاست کا دارالخلافہ مشرقی بیت المقدس کو ہونا چاہئے۔ اس مسئلے کے حل کے بغیر مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔ ہم اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ علاقوں میں غیرقانونی بستیوں اور تعمیرات کی مخالفت کرتے ہیں۔ صدر نے کہا کہ عالمی برادری بھی اسرائیل کے ان اقدامات کی مخالفت کرتی ہے، پاکستان چاہتا ہے کہ مسئلہ فلسطین کو وہاں کے عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔ قبل ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری سے گورنر ہاﺅس میں پاکستان کے لئے فلسطین کے نئے سفیر ولید ابو مالک نے ملاقات کی۔ انہوں نے صدر مملکت کو اپنی تقرری کی اسناد پیش کی۔ ملاقات میں مسئلہ فلسطین، امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...